شہباز شریف کیخلاف نیب کی اپیل خارج

27 Oct, 2020 | 11:12 AM

Azhar Thiraj

سٹی 42 : سپریم کورٹ نے شہبازشریف کا نام ای سی ایل میں شامل کرنے کیلئے نیب کی درخواست مسترد کر دی ہے ۔

 
تفصیلات کے مطابق سپریم کورٹ کے جسٹس مشیر عالم کی سربراہی میں دو رکنی بینچ نے شہبازشریف کا نام ای سی ایل میں ڈالنے کی نیب کی اپیل پر سماعت کی ۔نیب نے موقف اختیار کیا کہ شہبازشریف مشکوک ٹرانزیکشنز کی وجہ سے کرپشن کے مرتکب ہوئے ، جسٹس منیب اختر نے ریمارکس دیئے کہ مشکوک ٹرانزیکشنز کرپشن کے زمرے میں نہیں آتیں ، جسٹس فائز عیسیٰ کیس میں عدالت اینٹی منی لانڈرنگ قوانین کی تشریح کر چکی ہے ، ہائیکورٹ احکامات کے وقت شہبازشریف پر سفری پابندی غیر ضروری تھی ۔

 نیب نے کہا کہ اب کیس میں کافی پیشرفت ہو چکی ہے ،جسٹس منیب اختر نے کہا کہ عدالت نے ان حالات کو دیکھنا ہے جب ہائیکورٹ نے حکم جاری کیا ۔

یاڈ رہے قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر شہباز شریف نیب کی حراست میں ہیں۔  احتساب عدالت میں ن لیگ کی جانب سے شہبازشریف کو جیل میں سہولیات دینے کیلئے درخواست کی سماعت ہوئی ، درخواست میں موقف اختیار کیاگیاہے کہ شہبازشریف اپوزیشن لیڈر ہیں ان کو قانون کے مطابق سہولیات دی جائیں ، شہبازشریف کو جیل میں کوئی سہولیات نہیں دی جارہیں،درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ شہبازشریف کوگھر کاکھانا اوردیگر سہولیات فراہم کی جائیں ۔وکیل امجد پرویز نے کہاکہ شہبازشریف کمر درد میں مبتلا ہیں،ساری رات نہیں ہوسکے،جج جواد الحسن نے کہاکہ اگر ایسی بات ہے تو سپرنٹنڈنٹ جیل کو طلب کرکے پوچھ لیتے ہیں ،بنیادی حقوق کی پامالی نہیں ہونی چاہئے ۔

مزیدخبریں