اسلام آباد میں بیٹھی حکومت چند ماہ کی مہمان ہے: بلاول بھٹو

27 Oct, 2020 | 09:24 AM

Sughra Afzal

 (مانیٹرنگ ڈیسک) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف جھوٹی جماعت ہے، ان کا ہر وعدہ جھوٹا نکلا ہے، ہمیں عوام کو تبدیلی نہیں، پی ٹی آئی کی تباہی سے بچانا ہے، اسلام آباد میں بیٹھی حکومت چند ماہ کی مہمان ہے۔

گلگت بلتستان کے علاقے کھرمنگ میں جلسہ عام سے خطاب کے دوران بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ ہم سب کا مطالبہ ہے کہ ہمیں جمہوری حقوق ملیں، ملک کی جمہوری جدوجہد میں کھر منگ کے نوجوانوں کا خون بھی شامل ہے، پیپلز پارٹی انسانی حقوق کی جدوجہد پریقین رکھتی ہے، ہم گلگت بلتستان کے عوام کے آئینی حقوق کی جدوجہد کر رہے ہیں، پیپلز پارٹی نے گلگت بلتستان کو اس کی شناخت دلائی اور ایف سی آر کا خاتمہ کیا، یہاں کے عوام کو ووٹ ڈالنے کا اختیار دیا۔

بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ یہ صرف ایک الیکشن نہیں گلگت بلتستان کا مستقبل ہے، پاکستان تحریک انصاف جھوٹی جماعت ہے، ان کا ہر وعدہ جھوٹا نکلا ہے، ہمیں عوام کو تبدیلی نہیں پی ٹی آئی کی تباہی سے بچانا ہے، میں نہیں چاہتا کہ گلگت بلتستان کے عوام کا مستقبل تباہ ہو، پورے ملک میں گندم اور آٹے کا بحران ہے، عمران خان کی پالیسی کی وجہ سے نوجوان بے روزگار ہیں، وہ اسٹیل مل بند کرکے 10 ہزار مزدوروں کو بے روزگار کرنا چاہتے ہیں۔

چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہاکہ وفاقی حکومت، خیبر پختونخوا اور پنجاب نے تنخواہوں میں اضافہ نہیں کیا لیکن معاشی بحران کے باوجود موجودہ سندھ حکومت نے پینشن اور تنخواہوں میں اضافہ کیا، ہمیں معاشی بحران، مہنگائی اورغربت کے خاتمے کے لئے عوامی حل چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے اپنے دور حکومت میں مہنگائی کا مقابلہ کرنے کے لئے بینظیر انکم سپورٹ جیسا انقلابی منصوبہ شروع کیا، سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں 100 فیصد اور پینشن میں 150 فیصد اضافہ کیا۔

بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ اسلام آباد میں بیٹھی حکومت چند مہینوں کی مہمان ہے، امید کرتا ہوں کہ گلگت بلتستان کے عوام الیکشن میں صحیح فیصلہ لیں گے۔

مزیدخبریں