( زین مدنی ) وزیر اعظم پاکستان کے حکم پر تاریخی روشنائی گیٹ کو کھولنے کا فیصلہ کر لیا گیا، سماجی رہنما میاں یوسف صلاح الدین نے روشنائی گیٹ کھولنے اور گریٹر اقبال پارک میں نیٹ پریکٹس کی پچز بنانے کے لئے گریٹر اقبال پارک کا دورہ کیا۔
اندرون شہر کے باسیوں کے لئے روشنائی گیٹ کو دوبارہ سے کھولنے کا فیصلہ کر لیا گیا ہے۔ اس سلسلے میں وزیر اعظم پاکستان نے احکامات بھی جاری کئے ہیں۔ فیصلے کے بعد سماجی رہنما میاں یوسف صلاح الدین نے ضلعی انتظامیہ اور پی ایچ اے کے افسران کے ساتھ روشنائی گیٹ سے گریٹر اقبال پارک کا دورہ کیا۔
میاں یوسف صلاح الدین کا کہنا ہے کہ روشنائی گیٹ کھلنے سے بادشاہی مسجد اور شاہی قلعے تک جانے میں اندرون شہر کے لوگوں کو آسانی ہوگی اور دوسرا گریٹر اقبال پارک میں نیٹ پریکٹس کے لئے نوجوان کرکٹرز کے لئے پچز بھی بنائیں جائیں گی جس کے لئے ورکنگ مکمل کر لی گئی ہے۔