ویب ڈیسک:وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور نے کہا ہے کہ ہمارا دھرنا جاری ہے ہم نے اسلام آباد میں احتجاج کے لیے پرامن کال دی۔
مانسہرہ میں پریس کانفرنس کر تے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہم نے اسلام آباد میں احتجاج کے لیے پرامن کال دی، ہم اپنے جائز حقوق کی بات کررہے ہیں، ہماری پارٹی کے ساتھ جبر کیا گیا ہے، ہمیں بانی پی ٹی آئی نے ڈی چوک جانے کی اجازت دی۔
انہوں نے کہا ہےکہ عمران خان نے کہا ہےکہ جب وہ کہیں گے تب دھرنا ختم ہوگا، تو یہ بات یاد رکھیں یہ دھرنا ابھی جاری ہے، یہ دھرنا عمران خان کے اختیار میں ہے، ہمارے دھرنے میں لوگوں کو گولیاں ماری گئیں، ہمارے سیکڑوں لوگ شہید ہوئے، سیکڑوں کو گولیاں لگی ہیں، ہمارے ہزاروں کارکن گرفتار ہوئے ہیں۔
وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ ہمارا دھرنا ایک تحریک ہے جو جاری ہے، عمران خان کی کال تک دھرنا جاری رہےگا، ہمیں عدالتوں سے انصاف نہیں مل رہا، ہم نے اسلام آباد احتجاج کے لیے پر امن مارچ کی کال دی، پرامن دھرنے پر گولیاں چلائی گئیں، ہم پر تشدد نہ ہوتا تو ہمارے لوگ بھی جواب نہ دیتے۔
علی امین گنڈا پور کا کہنا تھا ڈھائی سال سے ہماری جماعت کو ظلم و جبر کا نشانہ بنایا جا رہا ہے، ہمیں عدالتوں سے بھی انصاف نہیں مل رہا، ہمارا لیڈر جیل میں ہے، اس کی اہلیہ کو بھی جیل میں ڈالا گیا۔