گلبرگ پولیس نے پیسوں کی خاطر دوست کو قتل کرنے والے ملزم کو جدید ٹیکنالوجی سے ٹریس کرکے والٹن سے گرفتار کر لیا۔
ایس پی ماڈل ٹاؤن کے مطابق ملزم عبداللہ شاہد مقتول احسن سلیم کا قریبی دوست تھا جبکہ مقتول بینک آف پنجاب گلبرگ میں مینجر تھا۔
تفصیلات بتاتے ہوئے ایس پی ماڈل ٹاؤن نے کہا کہ 22 نومبر کی شام کو ملزم نے مقتول کو کال کرکے والٹن 27 نمبر اسٹاپ بلایا، ملزم نے ویگنار گاڑی کرائے پر لی ہوئی تھی جس میں دونوں سوار ہوکر ڈیفنس ایچ بلاک گئے، واپسی پر ملزم نے مقتول سے پیسوں کا تقاضا کیا جس پر دونوں میں جھگڑا ہوا اور ملزم نے طیش میں مقتول کے سر میں گولی مار کر قتل کر دیا۔
ایس پی ماڈل ٹاؤن اخلاق اللہ تارڑ کے مطابق ملزم نے مقتول کا موبائل اور پرس اپنے پاس چھپا لیا اور رات 10 بجے ہربنس پورا کے قریب جاکر لاش نہر میں پھینک دی، ملزم نے مقتول احسن کی بیوی سے اس کے فون کے ذریعے آن لائن 50 ہزار منگوائے جس پر بیوی کو شک ہوا اور پولیس کو 15 کال پر اطلاع دی۔
ایس پی ماڈل ٹاؤن نے ایس ایچ او گلبرگ کی سربراہی میں اسپیشل ٹیم تشکیل دی تھی۔ پولیس افسر کا کہنا تھا کہ ملزم عبداللہ شاہد کے خلاف مقدمہ درج کرکے مزید تفتیش جاری ہے، قانون کو ہاتھ میں لینے والوں کے خلاف آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا۔