ویب ڈیسک: پنجاب کی سینئر وزیر مریم اورنگزیب نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ الحمدللہ نو مئی "ٹو" کے پلان کو ناکام بنا دیا گیا ہے۔
مریم اورنگزیب نے کہا کہ نو مئی کو پی ٹی آئی نے اپنے کارکنوں کو آگے لگا کر فوجی تنصیبات پر حملہ کیا جبکہ 26 نومبر کو کرائے کے دہشت گردوں اور اسلحہ کے ساتھ رینجرز اور پولیس اہلکاروں کو شہید کروایا گیا۔
اُنہوں نے کہا کہ ڈی چوک میں صرف رینجرز اور پولیس کی لاشیں لینے کے لیے آئے تھے جیسا کہ 2014 میں قبریں کھودنے کے لیے آئے تھے۔ ان کا کہنا تھا کہ پولیس اور رینجرز کی شہادتوں کے ذمہ دار عمران خان، بشرا بی بی اور علی امین گنڈا پور ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ جو لوگ "سر پہ کفن باندھ کے آنے" کا نعرہ لگا کر آئے تھے، وہ پولیس اور رینجرز کو شہید کر کے بھاگ گئے۔ مریم اورنگزیب نے پی ٹی آئی کو "ہاردنڈ کرمنلز" کا گروہ قرار دیا اور کہا کہ عمران خان کا انقلاب دم دبا کر بھاگ گیا۔