ویب ڈیسک:سابق وزیر اعظم عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کی بہن مریم وٹو نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ ان کی بہن کو اسلام آباد سے زبردستی اغوا کرکے ہٹایا گیا ہے۔
اپنے ایک ویڈیو پیغام میں مریم ریاض وٹو نے کہا کہ بعض لوگ کہہ رہے ہیں کہ بشریٰ بی بی کو گرفتار کرلیا گیا ہے جبکہ بعض کے مطابق وہ خیبرپختونخوا پہنچ گئی ہیں، لیکن لگتا ہے انہیں زبردستی اغوا کر کے ہٹایا گیا ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر اپنی ایک پوسٹ میں مریم وٹو نے لکھا ہے کہ بشریٰ عمران کی گاڑی پہ حملہ کیا گیا. اور اب ان سے سب رابطہ منقطع ہے. اگر وہ خیریت سے ہوتیں تو ضرور فیملی کو آگاہ کرتیں۔
مریم وٹو کا کہنا تھا کہ کسی کے پاس دھرنا ختم کرنے کا حق نہیں ہے، بشریٰ بی بی کے ہوتے ہوئے دھرنا کبھی ملتوی نہ ہوتا، اس لیے ہی انہوں نے ہمیں بتایا تھا کہ دھرنا صرف خان صاحب باہر آکر ہی ملتوی کر سکتے ہیں۔
’پی ٹی آئی کی کسی کیمٹی کے پاس اس کا حق نہیں کہ دھرنا منسوخ ہو، جو لوگ آج شہید ہوئے اللہ ان کے درجات بلند کرے، آمین! لیکن کیا آپ ان کی قربانی کو ضائع جانے دیں گے۔‘
واضح رہے کہ مریم وٹو نے اس سے قبل ایک اور ویڈیو پیغام میں دعویٰ کیا تھا کہ بلیو ایریا میں کریک ڈاؤن ہوتے ہی کارکنان بھاگ نکلے لیکن بشریٰ بی بی اب بھی اسلام آباد میں ہیں۔
مریم وٹو کا کہنا تھا کہ بشریٰ بی بی ڈٹی ہوئی ہیں وہ اپنے شوہر کی رہائی کے لیے جدوجہد کرتی رہیں گی، تاہم اس وقت تک اسلام آباد سے پی ٹی آئی کے مظاہرین منتشر ہوچکے تھے۔