ملک اشرف : وزیر خارجہ سینیٹر اسحاق ڈار کی نائب وزیراعظم کے عہدے پر تعیناتی کیخلاف ایک اور درخواست دائر کردی گئی ۔
شہری تنویر سرور نے ہائیکورٹ میں درخواست دائر کی جس میں وفاقی حکومت ، وزیر اعظم سمیت دیگر کو فریق بناتے ہوئے موقف اختیار کیا گیا ہے کہ آئین میں نائب وزیراعظم کا کوئی عہدہ نہیں لیکن اس کے باوجود وزیراعظم شہباز شریف نے وزیر خزانہ اسحاق ڈار کو نائب وزیراعظم مقرر کیا ،جو آئین کے برعکس ہے۔درخواست میں نشاندہی کی گئی کہ وزیراعظم کو ارکان قومی اسمبلی ووٹ کے ذریعے منتخب کرتے ہیں ،لیکن اسحاق ڈار سینیٹر ہیں اور اسی وجہ سے نائب وزیراعظم نہیں بن سکتے۔ درخواست میں استدعا کی گئی کہ سینیٹر اسحاق ڈار کی ڈپٹی وزیراعظم کے عہدے پر تقرری کالعدم قرار دیا جائے اور جب تک درخواست پر فیصلہ نہیں ہو جاتا انہیں کام کرنے سے روک دیا جائے۔