ویب ڈیسک: معروف موسیقار راحت فتح علی خان کی اپنے تایا و عالمی شہرت یافتہ قوال نصرت فتح علی خان کے انتقال کے بعد پرفارم کرتے ہوئے پھوٹ پھوٹ کر رونے کی ویڈیو وائرل ہوگئی۔
مشہور قوال نصرت فتح علی خان کے بھتیجے راحت فتح علی خان نے اپنے تایا سے ورثے میں ملے ہنر کو جاری و ساری رکھتے ہوئے انکی گائی گئیں قوالیاں اور اپنی خود کی قوالیاں، غزلیں اور گیت گا کر خاص پہچان بنائی۔
راحت فتح کے مقبول ترین بالی ووڈ گیتوں کی فہرست تو بہت طویل ہے لیکن ان میں سے چند ایک 'جیا دھڑک دھڑک جائے' ، 'دل تو بچہ ہے جی' ، ' تیرے مست مست دو نین' ، ' او رے پیا' ، ' جگ سونا سونا لاگے' ، 'تم جو آئے زندگی میں' ، 'تیری میری' اور ' تیرا دیدار ہوا' ہیں۔
یوں تو موسیقی سے لگاؤ رکھنے والے نصرت فتح علی خان کو سالوں سے سنتے آرہے ہیں لیکن یہ کہنا غلط نہیں ہوگا کہ نئی نسل میں نصرت فتح علی خان کی قوالی سننے کا رجحان ’رشکِ قمر‘ کے وائرل ہونے کے بعد ہوا۔
2017 میں ہی راحت فتح علی خان نے بالی ووڈ فلم ’بادشاہو‘ کیلئے ’رشکِ قمر‘ کا ری میک نکالا جو بھارت میں بھی مقبول ہوگیا،سوشل میڈیا پر راحت فتح علی کی ایک پُڑانی ویڈیو زیرِ گردش ہے جو نصرت فتح علی خان کے انتقال کے بعد کی ہے۔
ویڈیو میں جوان راحت فتح علی خان کو اپنے تایا کی مشہور قوالی 'انکھیاں اوڑیک دیاں' گاتے سنائی دے رہے ہیں اور اچانک گاتے ہوئے پھوٹ پھوٹ کر رونے لگتے ہیں۔
اس پرفارمنس کے دوران راحت فتح کو تایا کی یاد آگئی جس کے سبب وہ جذبات پر قابو نہ رکھ سکے کیونکہ راحت فتح اس سے قبل نصرت فتح کے برابر یا اکثر پیچھے بیٹھے نظر آتے تھے اور تایا سے ہی انہوں نے یہ کمالِ موسیقی سیکھا۔
یہی نہیں بلکہ ویڈیو میں پرفارم کرنے والا پورا قوال گروپ ہی اپنے استاد کو یاد کر کے روتا رہا اور آڈینس بھی اپنے پسندیدہ قوال کیلئے آنسو بہاتے نظر آئے۔