محکمہ موسمیات نے موسم کے حوالے سے خبردار کردیا

27 Nov, 2024 | 10:21 AM

ثمرہ فاطمہ: ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم خشک اور سرد رہنے کا امکان ہے تاہم  پنجاب کے چند میدانی علاقوں اور بالائی سندھ میں صبح اور رات کے اوقات میں سموگ / دُھند چھا ئےرہنے کی توقع ہے۔

دنیا بھر میں موسمیاتی تبدیلیاں اثر انداز ہو رہی ہیں لیکن پاکستان پر ان کے اثرات خطرناک حد تک پہنچ چکے ہیں ، پہلے گرمی کی شدت نے  شہریوں کو بلبلانے پر مجبور کیے رکھا ، پھر سردی کے انتظار نے ہلکان کر دیا ، رہی  سہی کسر سموگ کے بادلوں نے نکال دی، یعنی دل اور کلیجے کے بعد پھیپھڑوں اور آنکھوں کا بھی بھرکس نکل گیا، خیر اب محکمہ موسمیات نے سردی کی شدت اور سموگ کی بجائے دھند کے چھانے کی پیشگوئی کر دی ہے ۔

 شہر لاہور میں سورج کی کرنوں اور ٹھنڈی ہواؤں کی وجہ سے موسم سرد ہوگیا ۔ شہر لاہور کا موجودہ درجہ حرارت 13 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے،  کم سے کم درجہ حرارت 10 ڈگری جبکہ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 26 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ چند دنوں میں لاہور کا موسم سرد اور خشک رہنے کی توقع ہے اور آئندہ 24 گھنٹوں میں بارش کا کوئی امکان نہیں۔لاہور میں فضائی آلودگی کی شرح میں کمی دیکھنے کو ملی ہے تاہم ایئر کوالٹی انڈیکس (اے کیو آئی) کی مجموعی شرح 253 ریکارڈ کی گئی ہے، جس سے شہر کے فضائی معیار کی حالت مزید بہتر ہونے کی امید نظر آتی ہے۔ لاہور دنیا کے آلودہ ترین شہروں میں تیسرے نمبر پر جبکہ پاکستان کے آلودہ شہروں میں دوسرے نمبر پر آگیا ہے۔شہر کے مختلف علاقوں میں آلودگی کی شرح میں غیر معمولی اضافہ دیکھا گیا ہے، رائیونڈ میں اے کیو آئی 738، سی ای آر پی میں 439، جوہر ٹاؤن میں 328 اور عسکری ٹین میں 254 ریکارڈ کی گئی ہے۔ ماہرین نے شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی ہے، خاص طور پر آلودگی کی شدت کے پیش نظر ماسک پہننے اور زیادہ باہر نہ نکلنے کا مشورہ دیا ہے۔

کراچی میں صبح سویرے موسم میں ٹھنڈک اور خنکی کا سامنا ہے تاہم دوپہر کے اوقات میں موسم خشک اور گرم رہنے کا امکان ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق شہر کا موجودہ درجہ حرارت 23 ڈگری سینٹی گریڈ ہے،  کم از کم درجہ حرارت 20 سینٹی گریڈ ریکارڈ جبکہ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 33 سے 35 سینٹی گریڈ تک جانے کی توقع ہے۔شمال مشرقی سمت سے 5.5 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چل رہی ہیں۔ ہوا میں نمی کا تناسب 85 فیصد ریکارڈ کیا گیا ہے۔ایئرکوالٹی انڈیکس کے مطابق کراچی کا فضائی معیار مضر صحت ہے اور شہر کے آلودہ ترین علاقوں میں کراچی چوتھے نمبر پر موجود ہے۔ شہر میں ہوا میں آلودہ ذرات کی مقدار 186 پرٹیکیولیٹ میٹرز ریکارڈ کی گئی ہے، جس کی بنا پر کراچی دنیا کے آلودہ ترین شہروں میں چھٹے نمبر پر آگیا ہے۔شاہراہ فیصل اور کورنگی انڈسٹریل ایریا میں آلودگی کی مقدار بالترتیب 203 اور 200 پرٹیکیولیٹ میٹرز ریکارڈ کی گئی ہے۔ طبی ماہرین نے خبردار کیا ہے کہ 100 سے 200 پرٹیکیولیٹ میٹرز کی مقدار انسانی صحت کے لیے مضر ہو سکتی ہے، اس لیے باہر نکلتے وقت ماسک کا استعمال ضروری ہے۔

دوسری جانب  موسم کا حال بتانے والوں کا کہنا ہے کہ وفاقی دارالحکومت اسلام آباداور گردونواح میں موسم خشک اور سرد رہنے کا امکان ہے،خیبر پختونخواکے بیشتر اضلاع میں بھی موسم خشک اور سرد رہنے کی توقع ہے،پنجاب کے بیشتر اضلاع میں دن کو موسم معتدل جبکہ رات میں سردی کی پیشگوئی کی گئی ہے ،سندھ کے بیشتر اضلاع میں موسم خشک رہنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے، تاہم صبح/رات کے اوقات میں کشمور،سکھر، جیکب آباد، ٹنڈو جام اور گردونواح میں سموگ/ دُ ھند چھا ئےرہنے کی توقع ہے ۔

 بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں موسم خشک اور سرد رہنے کا امکان ہے ،کشمیر اور گلگت بلتستان میں موسم سرد اور خشک رہنے کا امکان  ہے ، آج ریکارڈکئے گئے کم سےکم درجہ حرارت: لہہ منفی07 ،اسکردو منفی 05، استور ،گوپس منفی 04، گلگت اورکالام میں منفی 02 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔

مزیدخبریں