فاران یامین: پاکستان تحریک انصاف کا احتجاج منسوخ ہونے کے بعد لاہور کے داخلی و خارجی راستے کھول دیئے گئے جبکہ موٹرویز کو بھی ٹریفک کیلئے کھول دیا گیا ہے۔
ترجمان ٹریفک پولیس کے مطابق شہر کے تمام داخلی و خارجی راستے کھلے ہیں، راوی پل، پرانا راوی پل، سگیاں راوی پل سے ٹریفک شہر میں داخل اور باہر جارہی ہے، ٹھوکر نیاز بیگ سے ملتان روڈ ٹریفک آ اور جا سکتی ہے۔
اسی طرح رائے ونڈ روڈ، فیروز پور روڈ، گجومتہ بھی ٹریفک کیلئے کھلے ہیں، لاہور رنگ روڈ کو بھی ٹریفک کیلئے کھول دیا گیا جبکہ شہر کے اندر ٹریفک معمول کے مطابق رواں دواں ہے۔
دوسری جانب موٹرویز بھی کھولنا شروع ہو گئی ہیں، ایم 2 لاہور تا اسلام آباد کو کھول دیا گیا، ایم 11 سیالکوٹ تا لاہور بھی کھل گیا۔
ترجمان ٹریفک پولیس کا کہنا ہے کہ شہر میں ٹریفک معمول کے مطابق رواں دواں ہے،شہری مزید ر ہنمائی اور مدد کیلئے ہیلپ لائن 15 پر کال کرسکتے ہیں۔