ویب ڈیسک: قطری وزارت خارجہ کا کہنا ہے کہ اسرائیل اور حماس کے درمیان غزہ جنگ بندی میں 2 روز کی توسیع ہوگئی۔ جنگ بندی کے دوران مزید قیدیوں کی رہائی کیلئے فہرست تیار کی جا رہی ہے۔
تفصیلات کے مطابق حماس کا کہنا ہے کہ غزہ میں انسانی ہمدردی کی بنیاد پر جنگ بندی کو انہی شرائط کے تحت مزید دو دن تک بڑھانے پر اتفاق کیا گیا ہے جیسا کہ سابقہ جنگ بندی کی گئی تھی۔
یاد رہے کہ غزہ میں چار روزہ عارضی جنگ بندی کا آخری دن تھا، جنگ بندی میں توسیع کیلئے امریکا، یورپی یونین، مصر، قطر کی جانب سے کوششیں کی گئیں۔
اس سے قبل مصر کا کہنا تھا کہ جنگ بندی میں مزید 2 روز کی توسیع کے قریب ہیں، اس دوران 20 اسرائیلی یرغمالیوں کے بدلے 60 فلسطینی قیدی رہا ہوں گے، چار روزہ عارضی جنگ بندی میں تین روز کے دوران حماس نے 39 اسرائیلی یرغمالیوں اور اسرائیل نے 117 فلسطینی قیدیوں کو رہا کیا۔
حماس نے 17 تھائی، ایک فلپائنی اور ایک اسرائیلی روسی شہری کو بھی رہا کیا، اسرائیلی وزیراعظم نے جنگ بندی میں ممکنہ توسیع کا خیرمقدم کرنے کے ساتھ ہی خبردار کیا ہے کہ عارضی جنگ بندی ختم ہوتے ہی پوری طاقت سے غزہ پر دوبارہ حملے کریں گے۔