(مانیٹرنگ ڈیسک) نوبل انعام یافتہ ملالہ یوسف زئی نے لندن کی آکسفورڈ یونیورسٹی سے گریجویشن کی ڈگری حاصل کرلی۔
ملالہ یوسف زئی کی گریجویشن ڈگری کے حوالے سے تصاویر اُن کے والد ضیاء الدین یوسفرئی، شوہر عصر ملک نے تصاویر شیئر کر کے اپنی خوشی کا اظہار کیا۔عصر ملک نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر تصاویر شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ ’یہ وہ مقام ہے جہاں ہماری پہلی بار ملاقات ہوئی، آج یہ جگہ پہلے سے زیادہ خاص محسوس ہورہی ہے‘۔
ضیاء الدین یوسفزئی نے تصاویر ٹویٹ کرتے ہوئے بتایا کہ ’آج ملالہ کا گریجویشن ڈے (ڈگری ملنے) کا دن تھا، وہ آکسفور یونیورسٹی سے باضابطہ طور پر گریجویشن کی ڈگری حاصل کرچکی‘۔
انہوں نے اس کامیابی کو اپنی زندگی کا سب سے قیمتی اور خوشی کا لمحہ قرار دیتے ہوئے شکر بھی ادا کیا۔
عصر ملک اور ضیا الدین یوسفزئی کے ٹویٹ پر ملالہ کے مداحوں نے انہیں ڈھیروں مبارک بادیں پیش کیں اور مستقبل کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔
یاد رہے کہ ملالہ یوسفزئی کا گریجویشن گزشتہ برس مکمل ہوگیا تھا مگر آکسفورڈ انتظامیہ نے کورونا کی صورت حال کے پیش نظر تقریب کا انعقاد نہیں کیا تھا، یہ تقریب آج منعقد کی گئی جس میں 2020 اور 2021 میں کامیاب ہونے والے طلبہ کو ڈگریاں دی گئیں
واضح رہے کہ سوات سے تعلق رکھنے والی 23 سالہ ملالہ یوسفزئی اپنے سر پر 2012 میں گولی لگنے کے بعد انگلینڈ علاج کے لیے گئی تھیں جہاں انھوں نے اپنے خاندان سمیت مستقبل سکونت اختیار کر لی ہے۔