(عمران یونس) بچوں کو معیاری خوراک سے متعلق آگاہی کی کوشش، ڈی جی فوڈ اتھارٹی نے بذریعہ خط بچوں کوآگاہی دینا شروع کردی۔
پنجاب فوڈ اتھارٹی نے بڑوں کے ساتھ ساتھ اب بچوں کو بھی غذائی معلومات سے متعلق آگاہی دینے کی حکمت عملی بنا لی۔ ڈی جی پنجاب فوڈ اتھارٹی کیپٹن ریٹائرڈ محمد عثمان نے بچوں کو بذریعہ خط جنک فوڈ، چپس، تلی ہوئی اشیاء، کولا انرجی ڈرنکس، ڈبے والے جوس اور گولی ٹافی سے اجتناب کا پیغام دیا ہے۔
ڈی جی فوڈ نے خط میں بچوں کو آگاہ کیا ہے کہ عالمی ادارہ صحت کے مطابق چوالیس فیصد بچے غذائیت کی کمی کا شکار ہیں، جس کی بڑی وجہ غیر محفوظ خوراک کااستعمال ہے، ڈی جی فوڈ کے مطابق اس پیغام کو سکولوں میں جاکر بھی بچوں تک پہنچایا جائے گا۔
خط کے مطابق فوڈ اتھارٹی کا اولین مقصد بچوں کی صحت کو محفوظ بنانا ہے، پیغام میں بہتر خوراک کی فراہمی کے لیے فوڈ اتھارٹی کی کارروائیوں کا تذکرہ بھی کیا گیا ہے۔