موٹرسائیکل پر پیچھے بیٹھنےوالےکیلئے بھی ہیلمٹ لازمی، ہائیکورٹ کا فیصلہ آگیا

27 Nov, 2018 | 05:01 PM

Sughra Afzal

(ملک اشرف) موٹر سائیکل پر پیچھے بیٹھنے والے ہوجائیں ہوشیار خبردار، لاہور ہائیکورٹ نے سی ٹی او کو یکم دسمبر سے ڈبل ہیلمٹ نہ پہننے والوں کیخلاف بلاتفریق کارروائی کا حکم دیدیا۔

تفصیلات کے مطابق یکم دسمبر سے موٹرسائیکل چلانے والے کیساتھ ساتھ اب پیچھے بیٹھنے والے کیلئے بھی ہیلمٹ لازمی قرار دیدیا گیا، جسٹس علی اکبر قریشی نے ٹریفک کے حوالے سے کیس کی سماعت کی اور سی ٹی او کو یکم دسمبر سے ڈبل ہیلمٹ نہ پہننے والوں کیخلاف بلاتفریق کارروائی کا حکم دیدیا۔ عدالت نے محکموں کے سربراہوں کو بھی ہیلمٹ بارے آگاہی دینے کی ہدایت کی۔

سی ای او سیف سٹی اکبر ناصر اور سی ٹی او ملک لیاقت سمیت دیگر لاہور ہائیکورٹ میں پیش ہوئے۔ سی ٹی او کے مطابق ہیلمٹ نہ پہننے والوں کے 3 لاکھ چالان کیے گئے۔

سی ٹی او کا کہنا تھا کہ سرکاری محکموں کے افسران کو آگاہی بارے خط لکھ رہا ہوں۔ ڈی سی کو بھی ہیلمٹ کے بغیر پٹرول فراہم نہ کرنے کاخط لکھا ہے، عدالت نے سی ٹی او کو حکم دیا کہ آپ ڈبل ہیلمٹ نہ پہننے کا چالان کریں۔

جسٹس علی اکبرقریشی نے ریمارکس دیئے کہ ہیلمٹ سےسر کی چوٹ سے بچت ہوتی ہے، کسی کیلئے معافی نہیں۔

مزیدخبریں