کرتار پور راہداری امن کا راستہ ثابت ہوگا: نوجوت سنگھ سدھو

27 Nov, 2018 | 02:52 PM

Sughra Afzal
Read more!

(شاہ رُخ ندیم) پاکستان کا امن و محبت کی طرف ایک اور قدم، کرتارپور راہداری کھولنے کی تقریب میں شرکت کیلئے نوجوت سنگھ سدھو واہگہ بارڈر کے راستے پاکستان پہنچ گئے۔ کہتے ہیں عمران خان نے تین ماہ پہلے جو بیج بویا وہ زمین سے باہر نکل آیا۔

کرتارپور راہداری کھولنے کی تقریب میں شرکت کیلئے نوجوت سنگھ سدھو اور بھارتی صحافیوں کا وفد واہگہ باڈر کے راستے پاکستان پہنچ گیا۔ نوجوت سنگھ سدھو کا واہگہ بارڈر پہنچنے پر گورنر پنجاب کے سٹاف کی جانب سے شاندار استقبال کیا گیا۔

 نوجوت سنگھ سدھو نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ کرتار پور راہداری کھلنے کا انتظار 71 سال کیا۔ مذہب کو سیاست یا دہشتگردی کے آئینے سے نہیں دیکھنا چاہیے، میں مذہب کو کبھی سیاست کی عینک سے نہیں دیکھتا۔کرتار پور راہداری امن کا راستہ ثابت ہوگا۔ امن کی راہداری کھولنے سے 60 سال کی  بجائے 6 ماہ میں تبدیلی آسکتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ بھارتی سکھ یاتریوں کے ارمان پورے ہونے کا وقت آن پہنچا،  دنیا کے چپے چپے میں موجود سکھ کمیونٹی کے لوگ اپنے روحانی پیشوا بابا گرونانک دیو جی کے کرتار پور میں گزرے اٹھارہ سال کی یادگاروں کا اپنی آنکھوں سے نظارہ کرینگے۔ بابا گروونانک اور بابا فرید دونوں ہم سے امید کرتے ہیں کہ محبت اور دوستی کو فروغ دیا جائے، کرتارپور راہداری آل ان ون ہے، کرکٹ کے دروازے بھی کھلیں گے۔

نوجوت سنگھ نے کہا کہ پاکستان آنے پر بھارت میں بہت تنقید ہوئی ، پاکستان کے لوگوں نے ہمیشہ کی طرح اس بار بھی بہت پیار دیا۔

واضح رہے کہ زیراعظم عمران خان کل نارووال کے قریب کرتار پور راہداری کا سنگ بنیاد رکھیں گے، تقریب کی تیاریاں آخری مراحل میں پہنچ گئیں ہیں،کوریڈور کی تکمیل کیلئے نالہ بئیں اور دریائے راوی پردو پل بنائے جائیں گے، سڑک کی تعمیر کے لیے سروے مکمل کر لیا گیا،سڑک بھارتی سرحد میں قائم درشن پوائنٹ تک بنے گی جہاں بھارتی حکومت اپنے علاقے میں کوریڈور کا کام مکمل کرے گی۔کرتار پور راہداری کی  تقریب میں نوجوت سنگھ سدھو اور بھارتی وفد   بھی شرکت کرے گا۔بھارتی وفد تین روز تک پاکستان کا مہمان رہے گا۔

مزیدخبریں