سٹی42: وزیر اعظم شہباز شریف کے رسمی اعلان کے بعد وفاقی حکومت اور چاروں صوبائی حکومتوں نے کل 28 مئی کو یومِ تکبیر کی عام تعطیل کا اعلان کر دیا، پنجاب اور سندھ میں تعلیمی بورڈز کے طے شدہ امتحانات ملتوی کر دیئے گئے، خیبر پختونخوا میں تعلیمی ادارے تو بند رہیں گے تاہم پشاور تعلیمی بورڈ نے امتحانات ملتوی کرنے سے انکار کر دیا ہے۔ بلوچستان میں بھی تمام ادارے بند رہیں گے تاہم امتحانات شیڈول کے مطابق ہوں گے۔
وفاقی حکومت، سپریم کورٹ، چاروں ہائی کورٹس، صوبائی حکومتوں کے اعلانات اور نوٹیفیکیشنز کے مطابق کل 28 مئی کو یوم تکبیر کی عام تعطیل ہو گی۔ تمام سرکاری، نیم سرکاری اور غیر سرکاری ادارے بند رہیں گے، عدالتیں اور تعلیمی ادارے بھی بند رہیں گے۔
کراچی اور لاہور کے تعلیمی بورڈز نے امتحانات ملتوی کر دیئے
کراچی اور لاہور کے تعلیمی بورڈوں نے اپنے 28 مئی کو ہونے والے امتحانات ملتوی کرنے کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا ہے۔
بلوچستان بورڈ بند، امتحان شیڈول کے مطابق
کوئٹہ سے آمدہ اطلاعات کے مطابق کل 28 مئی کو یومِ تکبیر پر بلوچستان بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن بند رہے گا، ایف اے ایف ایس سی کا شیڈول امتحان اپنے وقت پر ہوگا۔
کنٹرولر بلوچستان بورڈ اف انٹرمیڈیٹ میڈم عابدہ کاکڑ نے 27 مئی کی شب ایک اعلامیہ میں بتایا کہ کل منگل کے روز یوم تکبیر کی عام تعطیل کے سبب بلوچستان بورڈ آف سیکنڈری ایجوکیشن کے تمام دفاتر بند رہیں گے تاہم بورڈ کا پہلے سے شیڈول ایف اے، ایف ایس سی کا امتحان شیڈول کے مطابق ہو گا۔
خیبر پختونخوا میں تعلیمی ادارے بند، امتحانات شیڈول کے مطابق
خیبر پختونخوا کے تعلیمی بورڈ نز کے چئیرمین کی کمیٹی کے سربراہ پروفیسر نصراللہ نے 27 مئی کی شب اعلان کیا کہ صوبہ کے تعلیمی اداروں میں امتحانات معمول کے مطابق ہوں گے۔ انہوں نے یہ مؤقف اختیار کیا ہے کہ چونکہ امتحانات منعقد کرنے کے تمام انتظامات مکل ہیں اس لئے 28 مئی کو ہونے والے امتحانات ملتوی نہیں کئے جا رہے۔
ان کی جانب سے اعلان کیا گیا کہ تمام طلباء و طالبات کو مطلع کیا جاتا ہے کہ پشاور بورڈ کے زیراہتمام امتحان شیڈول کے مطابق ہونگے۔
کل خیبر پختونخوا میں "عام تعطیل" بھی ہو گی اور تعلیمی اداروں میں سٹوڈنٹس کے امتحانات بھی لئے جائیں گے۔
حکومت بلوچستان نے بھی کل یوم تکبیر کے موقع پر عام تعطیل کا اعلان کردیا ۔ سندھ ہائیکورٹ سمیت صوبے کی ماتحت عدالتوں میں تعطیل کا اعلان کر دیا گیا۔ یوم تکبیر کے موقع پر صوبے میں تمام خصوصی عدالتیں اور ٹریبونلز بھی بند رہیں گے
حکومت سندھ کے نوٹیفکیشن کی روشنی میں چیف جسٹس سندھ ہائیکورٹ نے صوبے بھر کی عدالتوں میں چھٹی کی منظوری دیدی۔
خیبرپختونخوا حکومت کی جانب سے بھی اعلان کیا گیا کہ کل 28 مئی کو یوم تکبیر پر خیبر پختونخواہ میں عام تعطیل ہوگی۔
وفاقی حکومت کے فیصلے کے مطابق پنجاب حکومت نے بھی 28 مئی یوم تکبیر کے موقع پر عام تعطیل کا اعلان کردیا ہے۔ چیف سیکرٹری نے پنجاب سروسز اینڈ جنرل ایڈمنسٹریشن کی جانب سے باضابطہ نوٹیفکیشن جاری کردیا ۔ پنجاب کے تمام اداروں میں عام تعطیل ہوگی۔
صدر ہائیکورٹ بار راولپنڈی ملک جواد خالد نے اعلان کیا ہے کہ یوم تکبیر کے موقع پر ہائیکورٹ اور ماتحت عدالتیں بھی بند رہیں گی ۔ قبل ازیں لاہور ہائی کورٹ کے چیف جسٹس کی جانب سے ہائی کورٹ اور ماتحت عدالتوں کی کل چھٹی کا نوٹیفیکیشن جاری کیا۔
پنجاب، سندھ اور بلوچستان میں کل 28 مئی کو یومِ تکبیر پر تمام تعلیمی ادارے اور شعبہ جات کل بند رہیں گے اور سٹوڈنٹس کے طے شدہ امتحانات بھی نہیں ہوں گے۔
جامعہ کراچی اور وفاقی اردو یونیورسٹی بھی 28 مئی کو بند رہے گی جبکہ امتحانات ملتوی کر دیے گئے ہیں۔ ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ امتحانات کی نئی تاریخ کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔
سندھ کے وزیر یونیورسٹیز اینڈ بورڈز محمد علی ملکانی نے تصدیق کی کہ امتحانات ملتوی کردیے گئے ہیں اور کل چھٹی ہوگی۔
اسی طرح لاہور بورڈ آف انٹرمیڈیٹ نے کل ہونے والے امتحانات/پریکٹیکل ملتوی کرتے ہوئے کہا کہ یہ یوم تکبیر کی وجہ سے بند رہیں گے۔
یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز نے اعلان کیا کہ اس کے الحاق شدہ ادارے کل بند رہیں گے۔
قبل ازیں وزیراعظم محمد شہباز شریف نے اعلان کیا تھا کہ 28 مئی یوم تکبیر کو پاکستان کے دفاع کے ناقابل تسخیر ہونے کی یاد میں سرکاری تعطیل ہوگی۔
انہوں نے کہا کہ اس دن پوری قوم نے بیرونی دباؤ کے باوجود قومی دفاع پر کسی بھی سمجھوتے کو مسترد کرتے ہوئے پاکستان کی سالمیت کو برقرار رکھنے کا عزم کیا۔
وزیراعظم نے سیاسی اور دفاعی قوتوں پر زور دیا کہ وہ سبز ہلالی پرچم کے نیچے متحد ہو کر ملک کے دفاع کو تقویت دیں۔ انہوں نے کہا کہ یوم تکبیر اس عہد کی تجدید کا دن ہے کہ بیرونی اور اندرونی دونوں دشمنوں کے عزائم کو ناکام بنایا جائے جو انتشار کے ذریعے قوم کو عدم استحکام سے دوچار کرنا چاہتے ہیں۔
شہباز شریف نے سابق وزیر اعظم میاں محمد نواز شریف اور پاک فوج کو ملک کے دفاع کو مضبوط بنانے میں ان کے کردار کو خراج تحسین پیش کیا۔ انہوں نے ان سائنسدانوں کو بھی اعزاز سے نوازا جنہوں نے ذوالفقار علی بھٹو کے ایٹمی پروگرام کو شروع کرنے اور اسے برقرار رکھنے میں اہم کردار ادا کیا۔
وزیر اعظم نے اعلان کیا کہ "ہم عہد کرتے ہیں کہ جس طرح ہم نے 28 مئی کو اس ملک کے دفاع کو ناقابل تسخیر بنایا، اسی طرح ہم پاکستان کی اقتصادی سلامتی کو یقینی بنانے کے لیے انتھک محنت کریں گے۔" انہوں نے قوم پر زور دیا کہ وہ بیرونی خطرات اور اندرونی انتشار دونوں کے خلاف متحد ہو کر محنت اور ملک کے مستقبل پر پختہ یقین کا عزم کریں۔
وزیر اعظم شریف کی جانب سے یوم تکبیر کو سرکاری تعطیل کے طور پر اعلان کرنا پاکستان کی تاریخ میں اس دن کی اہمیت کو واضح کرتا ہے، جو کہ اپنی خودمختاری اور سلامتی کے تحفظ کے لیے قوم کے عزم کی نشاندہی کرتا ہے۔