عید قریب آتے ہی بکرے چوری کی وارداتیں شروع ہوگئیں

27 May, 2024 | 07:30 PM

اسرار خان:عید الاضحیٰ کے قریب آتے ہی شہر میں قربانی کے جانوروں کے چوری ہونے کی وارداتوں کا سلسلہ شروع ہوگیا۔

لاہور کے علاقہ سمن آباد میں شہری شہباز علی کے ساتھ واردات پیش آئی جہاں کار سوار ملزمان گن پوائنٹ پر قربانی کے 2 بکرے، نقدی اور موبائل فون لے اڑے  جس کی سی سی ٹی وی فوٹیج سٹی42 نے حاصل کرلی ہے۔

واردات آج صبح 6 بجے کے قریب رسول پارک میں ہوئی جب متاثرہ شہری بکرے چرانے کیلئے گھر سے نکلا تھا، اسی دوران کار سوار 3 ملزمان گاڑی سے اترتے دکھائی دیتے ہیں ، تینوں ملزمان پتلون شرٹ میں ملبوس ہوتے ہیں ، ایک ملزم اسلحہ کی نوک پر شہری کو یرغمال بنا لیتا ہے جبکہ اسکے دیگر 2 ساتھی شہری سے بکرے چھین کر کار میں سوار کر لیتے ہیں ۔ مسلح ملزم متاثرہ شہری سے موبائل فون بھی ہتھیا لیتا ہے  اور ملزمان ڈیڑھ منٹ کی واردات کے بعد موقع سے فرار ہو جاتے ہیں ۔

دوسری جانب سمن آباد پولیس نے متاثرہ شہری کی درخواست پر مقدمہ درج کر لیا ہے۔ ملزموں کی گرفتاری کیلئے ایس پی اقبال ٹاؤن سلمان لیاقت نے ایس ڈی پی او سمن آباد کی قیادت میں ٹیم بھی تشکیل دے دی۔پولیس کا کہنا ہے کہ واردات میں ملوث ملزموں کی تلاش کی جا رہی ہے، جلد وہ قانون کی گرفت میں ہوں گے۔

مزیدخبریں