(ویب ڈیسک)گرمی کی شدت میں ہر گزرتے دن کے ساتھ اضافہ ہورہا ہے اور درجہ حرارت بڑھنے سے ہمارے جسم کے لیے اپنا درجہ حرارت 98.8 فارن ہائیٹ پر برقرار رکھنا مشکل ہوجاتا ہے۔
ہمارا اعصابی نظام اور دماغ کا ایک مخصوص حصہ ہائپوتھالاموس اس وقت جسمانی درجہ حرارت کو کنٹرول میں رکھتے ہیں جب اس میں کسی وجہ جیسے شدید گرمی کے باعث اضافہ ہوتا ہے،مگر یہ عمل سست روی سے ہوتا ہے اور کئی بار اس وجہ سے جسمانی درجہ حرارت اتنا بڑھ جاتا ہے کہ انسان ہیٹ اسٹروک کا شکار ہوجاتا ہے،مگر اچھی بات یہ ہے کہ آسانی سے دستیاب چند غذاؤں سے آپ گرم موسم کے دوران اپنے جسم کو ٹھنڈا رکھ سکتے ہیں۔
زیادہ تر افراد اس موسم میں پھل اور سبزیاں کھانے کو ترجیح دیتے ہیں جو بالکل درست کرتے ہیں کیونکہ ایسے کھانے کھانے چاہیئں جو صحت کے ساتھ آپ کے جسم کے درجہ حرارت کو متوازن رکھنے میں مدد فراہم کریں۔ آئیے جانتے ہیں کہ ماہرین غذائیت سخت گرمی میں کن چیزوں کو اپنی غذا میں شامل کرنے کے مشورے دیتے ہیں،جو گرم موسم کے دوران جسم کو سکون فراہم کرتی ہیں۔
کھیرے:
شاید ہی کوئی گھر ایسا ہو جہاں سلاد بنتی ہو اور اس میں کھیرے شامل نہ کیے جاتے ہوں۔
کھیرے میں کیلوریز، کاربوہائیڈریٹ، نمک، چکنائی اور کولیسٹرول قدرتی طور پر کم ہوتے ہیں چونکہ ان میں 95 فیصد پانی ہوتا ہے، اس لیے کھیرے قدرتی طور پر ہائیڈریٹ ہوتے ہیں، جو ٹھنڈا رہنے کیلئے ضروری ہے، لہٰذا آپ اسے ناصرف سلاد میں شامل کرسکتے ہیں بلکہ ایسے ہی کچے بھی کھاسکتے ہیں۔
تربوز:
موسم گرما کیلئے سب سے زیادہ ہائیڈریٹنگ فوڈز میں سے ایک لذیذ، تروتازہ تربوز ہے، تربوز غذائیت کے ساتھ جسم کی گرمی بھی مارتا ہے، آپ تربوز کو سلاد میں شامل کرکے لطف اندوز ہوسکتے ہیں، اسے چوکور کاٹ کر زیتون کا تیل اوپر سے ڈال کر سلاد میں کھائیں، یہ ذائقہ فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ صحت کے لیے بھی بہت فائدہ مند ہے۔
سبز پتوں والی سبزیاں:
سبز پتوں والی سبزیاں جیسے پالک میں کیلشیئم اور دیگر غذائی اجزا کی مقدار کافی زیادہ ہوتی ہے جبکہ ان کے استعمال سے جسم کو ٹھنڈک بھی محسوس ہوتی ہے۔
لسی:
لسی ایسا مشروب ہے جس کو پیتے ہی فرحت اور ٹھنڈک کا احساس ہوتا ہے،اس سے نہ صرف ڈی ہائیڈریشن سے بچنے میں مدد ملتی ہے بلکہ نظام ہاضمہ بھی بہتر ہوتا ہے۔
ناریل:
ناریل اور اس کے پانی میں ایسے اجزا ہوتے ہیں جو ڈی ہائیڈریشن سے تحفظ فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ جسم کو ٹھنڈا رکھتے ہیں،یہی وجہ ہے کہ ناریل کا پانی گرمی کی شدت دور کرنے کے لیے مفید سمجھا جاتا ہے۔
لیموں
پانی میں لیموں کے عرق کو ملا کر پینے سے مدافعتی نظام مضبوط ہوتا ہے جبکہ جِلد جگمگانے لگتی ہے۔
لیموں میں موجود وٹامن سی بھی مختلف موسمی امراض سے تحفظ فراہم کرتا ہے مگر اس کے ساتھ ساتھ جسم کو ٹھنڈک کا احساس بھی ہوتا ہے۔
چیری:
گرمیوں میں لطف اندوز ہونے والے سب سے خوشگوار پھلوں میں سے ایک چیری ہے، دکھنے میں یہ چھوٹا سا پھل اپنے اندر ذائقہ اور کئی فائدے سموئے ہوئے ہے، چیریز جسم کے کسی بھی حصے میں ہونے والی سوزش میں کمی کی وجہ بن سکتی ہیں، اس کے علاوہ چیریز میں صحت مند زندگی کا راز پوشیدہ ہے۔
مکئی:
مکئی ایک کارب سے بھرپور غذا ہے جو فائبر، وٹامنز اور معدنیات سے مالامال ہوتی ہے، اس میں پروٹین اور چکنائی کی مقدار بھی کم ہوتی ہے، جو اسے موسم گرما میں ایک شاندار سائیڈ ڈش یا اسنیک کے طور پر پیش کرتی ہے، اسے کھانے سے جسم میں گرمی نہیں ہوتی اور آپ کا نظامِ ہاضمہ بھی بالکل ٹھیک رہتا ہے۔
خربوزہ یا گرما:
خربوزہ یا گرما سخت گرمی کے موسم میں کھانے والے پھل ہیں جو آپ کے جسم میں پانی کی کمی نہیں ہونے دیتے۔
پودینے کااستعمال :
پودینے کے استعمال سے جسم کو ٹھنڈک محسوس ہوتی ہے اور اچھی بات یہ ہے کہ اسے سلاد، مشروبات یا غذا میں آسانی سے شامل کیا جا سکتا ہے،پودینے کے استعمال سے نظام ہاضمہ بہتر ہوتا ہے جبکہ ڈپریشن، تھکاوٹ، سردرد اور متلی جیسے مسائل سے بچنے میں بھی مدد ملتی ہے۔