سٹی42: مارگلہ ہلز میں آگ لگ گئی جس کو بجھانے کیلئے سی ڈی اے کی ٹیمز موقع پر پہنچ گئیں ہیں جبکہ وزیراعظم سے کی گئی درخواست کے بعد 2 ہیلی کاپٹر بھی آگ بجھانے کے عمل میں مصروف ہیں۔
تفصیلات کے مطابق سی ڈی اے کی ٹیمیں آگ بجھانے کے عمل میں مصروف ہیں، ہوا کے بہاؤ کی وجہ سے آگ کا پھیلاؤ روکنے میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑھ رہا ہے۔سی ڈی اے انوائرنمنٹ ڈیپارٹمنٹ کے اہلکار آگ بجھانے کے عمل میں مصروف جبکہ فائیر فائٹرز کی جانب سے بھی آگ بجھانے کی کوششیں جاری ہیں۔
وزیراعظم کی کوآرڈینیٹر کا چیئرمین این ڈی ایم اے سے رابطہ
مارگلہ ہلز پر تین مختلف مقامات پر آتشزدگی کا معاملہ ، وزیراعظم شہباز شریف کی کوآرڈینیٹر نے چیئرمین این ڈی ایم اے سے رابطہ کیا جس میں رومینہ خورشید عالم نے آگ بجھانے کے لیے ہیلی کاپٹر بھیجنے کی درخواست کردی۔
رومینہ خورشید عالم نے کہا کہ اگلے دس منٹ میں ہیلی کاپٹر متاثرہ مقام پر پہنچ جائے گا،سی ڈی اے اور این ڈی ایم اے کے مشترکہ تعاون سے آگ بجھانے کی کوشش کر رہے ہیں۔ ایم ایف سیون سے آگ بجھا دی گئی ہے جبکہ ایم ایف 16 چیڑاں دی گلی میں آگ بجھانے کی کوشش جاری ہے۔
اس موقع پر رومینہ خورشید عالم کا کہنا تھا کہ سیاحوں سے کہوں گی ہیٹ ویو کے دوران ہائیکنگ سے پرہیز کریں۔ پہلا ہیلی سکس ایوی ایشس سکواڈرن نے بھیجا ہے، پہلا ہیلی راول ڈیم سے پانی بھر کے آگ پر پھینکے گا جبکہ دوسرا ہیلی پاکستان آرمی ( جی ایچ کیو) نے بھجوا دیا ہے جو کہ خان پور ڈیم سے پانی بھر کے پھینکے گا۔
رومینہ خورشید نے مزید کہا کہ پاکستان آرمی کی بہت ممنون ہوں جنہوں نے اتنے کم وقت میں ریسپانس دیاہے۔
ہیلی کاپٹر سے پانی ڈالنے کا عمل
رومینہ خورشید کا کہنا ہے کہ پہلے ہیلی نے پانی ڈالنے کا عمل مکمل کر لیا ہے۔ پہلے ہیلی کاپٹر نے مارگلہ ہلز پر لگی آگ کو بجھانے کیلئے راول ڈیم سے پانی بھر کے متاثرہ مقام پر ڈالا جبکہ دوسرا ہیلی کاپٹر خان پور ڈیم سے پانی بھر کے متاثرہ مقام کی جانب روانہ ہوگیا ہے۔