سٹی42: اسلام آباد پولیس کے 64 شہداء کے اہل خانہ کے لئے رہائش کا دیرینہ مسئلہ حل، وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے شہداء کی فیملیز کے لئے مبین کاٹیجز پراجیکٹ کا سنگ بنیاد رکھ دیا۔
وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی کا پولیس شہداء کے اہل خانہ کے لئے احسن اقدام، 43 سال بعد اسلام آباد پولیس کے 64 شہداء کے اہل خانہ کے لئے رہائش کا دیرینہ مسئلہ حل کر دیا۔وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی کی جانب سے شہداء کی فیملیز کے لئے مبین کاٹیجز پراجیکٹ کا سنگ بنیاد رکھ دیا گیاہے۔ 64 شہدا کی فیملیز کے لئے این پی ایف سیگو فارمز چک سیگو راولپنڈی میں 5 مرلے کے گھر تعمیر ہوں گے۔محسن نقوی نے پولیس شہداء کی فیملیز میں پلاٹس کے الاٹمنٹ لیٹرز بھی تقسیم کردیے۔
وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی بزرگ خاتون کی نشت پر گئے ان کو الاٹمنٹ لیٹر دیا اور بزرگ خاتون سے گفتگو کرتے ہوئے اہل خانہ کے ساتھ ہمدردی کا اظہار کیا۔
اس موقع پر محسن نقوی کا کہنا تھا کہ شہداء کے اہل خانہ کا خیال رکھنا ہماری ذمہ داری ہے، یہ کام شہداء کے اہل خانہ پر احسان نہیں ، یہ ان کا حق ہے جو واپس کر رہے ہیں۔یہ کام شہداء کے لہو کے ایک قطرے کا بھی قرض نہیں اتار سکتا۔
دوسری جانب آئی جی اسلام آباد علی ناصر رضوی کی جانب سے منصوبے کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔ اس موقع پر ایم ڈی نیشنل پولیس فاونڈیشن، چئیرمین سی ڈی اے و چیف کمشنر اسلام آباد، آر پی او راولپنڈی اور شہداء پولیس کی فیملیز موجود تھیں۔