(علی رامے) پی ڈی ایم اے کے ترجمان کے مطابق سوموار کے روز درجہ حرارت 45 سے 50 ڈگری تک جانے کا خدشہ ہے ،ساؤتھ پنجاب کے اضلاع بہاولپور ،رحیم یار خان ،ڈیرہ غازی خان اور ملتان میں ہیٹ ویو کی لہر شدید ہو سکتی ہے ۔
پی ڈی ایم اے کے مطابق گزشتہ روز خانپور میں درجہ حرارت 50 ڈگری رحیم یار خان،بھکر 49 اور کوٹ ادو میں 48 ڈگری درجہ حرارت ریکارڈ کیا گیا ۔لاہور سمیت میدانی علاقوں میں درجہ حرارت 44 ڈگری تک ریکارڈ کیا گیا ۔گزشتہ سال زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 46 ڈگری ریکارڈ کیا گیا تھا ۔
ڈی جی پی ڈی ایم اے نے کہا ہے کہ وزیر اعلیٰ پنجاب کی ہدایات کے پیش نظر متعلقہ ادارے الرٹ رہیں، انہوں نے بتایا کہ چولستان کے اضلاع میں صاف پانی کی فراہمی کو یقینی بنایا جا رہا ہے ،تمام ہسپتالوں میں ہیٹ ویو کاؤنٹرز قائم ہیں،میڈیا کے ذریعے شہریوں کو ہیٹ ویو کے خطرات سے آگاہ کیا جا رہا ہے ۔پی ڈی ایم اے نے ہیٹ سٹروک سے بچاؤ کیلئے متعلقہ ادویات کی فراہمی یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے
ڈائریکٹر جنرل پی ڈی ایم اے نےعوام الناس سے التماس کی ہے کہ احتیاطی تدابیر اختیار کریں ،بچوں بزرگوں اور بیمار افراد کا خاص خیال رکھیں ۔گرمی کی لہر کے اثرات معمر افراد بچوں اور بیماروں پر زیادہ ہو سکتے ہیں ،سخت دھوپ میں مشقت اور ورزش سے گریز کریں ،غیر ضروری گھر سے باہر نہ نکلیں ہلکے رنگ کا سوتی لباس پہنیں ۔ایمرجنسی صورتحال میں پی ڈی ایم اے ہیلپ لائن 1129 یا ریسکیو 1122 پر کال کریں ۔