جناح ہاوس حملہ؛ چار مزید جوائنٹ انویسٹی گیشن ٹیمیں بن گئیں

27 May, 2023 | 01:32 PM

ویب ڈیسک: محکمہ داخلہ پنجاب نے جناح ہاؤس حملہ اور توڑ پھوڑ کے کیس میں مقدمات کی تفتیش کا بوجھ تقسیم کرنے کے لئے  مزید 4 جوائنٹ انویسٹی گیشن ٹیمیں تشکیل دے دیں۔

محکمہ داخلہ نے ٹیمیں کی تشکیل کا نوٹیفکیشن جاری کردیا ہے جس کے مطابق یہ جےآئی ٹیز جناح ہاؤس حملہ کیس کے مختلف مقدمات کی تفتیش کریں گی۔ ان تمام ٹیموں کی تحقیقات اورتفتیش کی نگرانی ڈی آئی جی انویسٹی گیشن  کامران عادل کر رہے ہیں۔


نوٹیفکیشن کےمطابق ایک جے آئی ٹی کی کنونیر ایس ایس پی انویسٹی گیشن انوش مسعود ہوں گی، ان کی  سربراہی میں جے آئی ٹی گلبرگ میں درج مقدمے کی تفتیش کرے گی۔ ایک جے آئی ٹی ایس پی انویسٹی گیشن اقبال ٹاؤن عقیلہ نیاز نقوی کی سربراہی میں بنائی گئی ہے۔

2 جوائنٹ انویسٹیگیشن ٹیموں کی قیادت ایس پی رضا تنویرکریں گے جو مغلپورہ اور  سرور روڈ تھانہ میں درج مقدمات کی تفتیشں کرے گی جب کہ چوتھی جے آئی ٹی ایس پی عبد الحنان کی سربراہی میں بنائی گئی ہے جو گلبرگ میں درج دوسرے مقدمے کی تفتیش کرے گی۔

9 مئی کو جناح ہاؤس میں توڑ پھوڑ اور جلاؤ گھیراؤ کےکیسز کی تفتیش  کےلیے بنائی گئی جوائنٹ انویسٹی گیشن ٹیموں کی تعداد  اب 5 ہوگئی ہے۔

مزیدخبریں