ویب ڈیسک: راولپنڈی اور اسلام آباد میں لوگوں نے جگہ جگہ تحریک انصاف کی 9 مئی کو فوج کے خلاف حملوں میں ملوث اورر نفرت پھیلانے والے راہنماوں کے خلاف "دیوار شرم" بنادیں۔
راولپنڈی میں صدر، راجہ بازار اور مری روڈ سمیت کئی سڑکوں پر درجنوں بینرز آویزاں کیے گئے ہیں۔ جن پر وال آف شیم (دیوار شرمندگی) اور یوم مذمت غدار پاکستان لکھا ہے۔ ان بینروں پر عمران خان اورتحریک انصاف کے ان راہنماوں کی تصویریں ہیں جنہوں نے پاکستان میں نفرت پھیلائی، عوام کو ریاستی اداروں اور فوج کے خلاف بھڑکایا اور 9 مئی کوعسکری املاک پرحملے منظم کئے۔
اسلام آباد میں کئی بڑی شاہراہوں کے ساتھ جوڈیشل کمپلیکس کے باہر بھی پی ٹی آئی رہنماؤںکے ریاست کے خلاف تشدد پر اکسانے والے کردار پرشرمندہ کرنے والے بینرز آویزاں ہیں۔ پی ٹی آئی رہنماؤں کی تصویروں والے بینرز پر یوم مذمت غدار پاکستان کا نعرہ درج ہے۔
یہ بینرز راتوں رات لگے ہیں جنہیں لگانے والوں نے اپنی شناخت ظاہر نہیں کی اور یہ نہیں بتایا کہ یہ کس کی طرف سے ہیں۔
ہفتہ کی صبح سے یہ تصویریں اور بینر پاکستان کے سوشل میڈیا میں توجہ کا مرکز بنے ہوئے ہیں۔ بہت سی اہم شخصیات ان پر تبصرے کر چکی ہیں اور ان دیواروں کی وڈیوز وائرل ہو رہی ہیں۔
سینئیر صحافی طلعت حسین نے اپنی ٹویٹر پوسٹ میں "وال آف شیم" کی ایک تصویر کے ساتھ لکھا کہ یہاں تک کہ فواد حسین اور علی زیدی جیسے لوگ جو پارٹی چھوڑ چکے ہیں انہیں بھی باعزت طور پر نکل جانے کا راستہ نہیں مل رہا ہے۔ ہر ایک کو اسی برش سے مسخ کیا جا رہا ہے جو وہ دوسروں کے لیے استعمال کرتے تھے۔ یہ سب کچھ ایک افسوسناک منظر ہ پیش کر رہاہے لیکن عمران اور ان کے ساتھیوںں نے اپنے اعمال کے نتائج پر توجہ نہیں دی۔
راولپنڈی میں دیوار شرم کا چرچا ہونے پر عام شہریوں نے ان تصاویر کے سامنے کھڑے ہو کر ان پر جوتے برسانا شروع کر دیا۔ شہر کے مختلف علاقوں میں یہ سلسلہ دن بھر جاری رہا۔