سٹی 42: وفاقی حکومت نے رواں سال حج کی سعادت حاصل کرنے کے خواہشمند حضرات کو حج بکنگ کروانے سے روک دیا۔
ترجمان وزارتِ مذہبی امور کے مطابق سعودی حکومت نے ابھی تک کسی بھی ملک کو حج 2021کا کوٹہ جاری نہیں کیا، حج کوٹہ ملنے پر وزارت مذہبی امور حج پالیسی 2021 کا اعلان کرے گی۔ انہوں نے عوام الناس سے اپیل کی ہے کہ حج سے متعلق وزارت کے حتمی اعلان سے قبل حج بکنگ نہ کروائیں، سرکاری اعلان سے قبل کسی بھی شخص یا کمپنی کی جانب سے حج بکنگ غیر قانونی تصور ہو گی۔
ترجمان نے واضح کیا کہ بعض دھوکے باز عناصر حج بکنگ کا جھانسا دے کر عوام الناس کو مالی نقصان پہنچا سکتے ہیں، ایسے کسی بھی عمل کی اطلاع ملنے پر تادیبی کارروائی عمل میں لائی جائے گی، عوام الناس دھوکے باز عناصر سے باخبر رہیں اور حج سے متعلق وزارت کے حتمی اعلان کا انتظار کریں۔
یاد رہے کہ سعودی عرب نے حج سیزن 2021 کی منظوری دے دی ہے، جس کے مطابق پاکستان سمیت دنیا بھر سے 60 ہزار عازمینِ حج کو فریضہ مقدسہ ادا کرنے کی اجازت ہوگی۔