(سٹی 42) سعودی عرب کے ماہر فلکیات کا کہنا ہےکہ سورج آج عین خانہ کعبہ کے اوپر ہوگا، اس وقت دنیا بھرکے سائے کارخ بیت اللہ کی سیدھ میں ہوگا، اس لمحے بیت اللہ کا سایہ نہیں ہوگا جس سے قبلہ رخ کا درست تعین کیا جا سکے گا۔
ذرائع کے مطابق سورج مکہ مکرمہ کے وقت کے مطابق 12 بجکر 18 منٹ پر خانہ کعبہ کے اوپر ہوگا، خانہ کعبہ کے اوپر ظہر کی نماز کے وقت سورج کا زاویہ 89.93 رہے گا جبکہ سورج آج پاکستانی وقت کے مطابق دوپہر دو بج کر 18منٹ پر عین خانہ کعبہ کے اوپر ہو گا یعنی ایک ہی خط عمود پر واقع ہو گا جس سے خانہ کعبہ کا سایہ دکھائی نہیں دے گا۔
خانہ کعبہ پرسورج کا آنا ماہرین فلکیات کے مطابق اہم واقعہ مانا جاتا ہے، خانہ کعبہ پر سورج سال میں 2 مرتبہ آتا ہے، سورج خانہ کعبہ پر سال میں پہلی بار 27 مئی اور دوسری بار 15 جولائی کو آتا ہے، جب سورج خانہ کعبہ کے عین اوپر ہوتا ہے تو خانہ کعبہ کا سایہ ختم ہوجاتا ہے۔
ماضی میں قبلے کی سمت متعین کرنے کا جدید ترین سائنٹیفک طریقہ میسر نہیں تھا، ماضی میں لوگ خانہ کعبہ پر سورج کا منظر دیکھ کر ہی قبلے کی جہت متعین کرتے تھے۔
قبلہ کی درست سمت کے تعین کیلئے آج مقررہ وقت پر زمین پر ایک چھڑی عمودی گاڑ دیں یا کسی عمارت کے کونے کا انتخاب کریں جیسے ہی یہ وقت آئے ، اس سایہ پر ایک خط کھینچ دیں اور اس خط پر عمود گرائیں، شمال سے جنوب کی جانب زاویہ قائمہ بنائیں، یہی قبلہ رخ ہوگا۔