پنجاب پولیس نے سالانہ خریداری کیلئے منصوبہ بندی شروع کردی

27 May, 2020 | 12:43 PM

Sughra Afzal

(علی ساہی) پنجاب پولیس نے اگلے مالی سال میں سالانہ خریداری کیلئے منصوبہ بندی شروع کردی، لاہور سمیت پنجاب بھر کے تمام اضلاع اور یونٹس کو دس جون تک اپنی ڈیمانڈز بھجوانے کا حکم دے دیا گیا، رواں مالی سال میں بروقت اقدامات نہ ہونے سے وردی سمیت دیگر اہم اشیاکی خریداری ممکن نہ ہوسکی۔

ذرائع کے مطابق پنجاب پولیس نے آئندہ مالی سال میں سالانہ خریداری کے لیے تمام اضلاع اور یونٹس سے ڈیمانڈز مانگ لی ہیں، آئی جی پنجاب نے تمام اضلاع کو 10 جون تک اپنی اپنی ڈیمانڈ بجھوانے کا حکم دے دیا جبکہ جولائی میں فنڈز کے اجرا کے مطابق خریداری کے پلان کو حتمی شکل دی جائے گی۔

رواں مالی سال میں بروقت اقدامات نہ ہونے کی وجہ سےاڑھائی لاکھ وردی، سی ٹی ڈی کیلئے موبائل ٹیسٹنگ مشینیں، بلٹ پروف جیکٹس، ہیلمٹس، جنریٹرز اور واک تھرو گیٹس سمیت دیگر اہم اشیا کی خریداری ممکن نہیں ہوسکی، جس کے لیے اگلے مالی سال میں بروقت اقدامات کرنے پڑیں گے۔

متعلقہ برانچ کا کہنا ہے کہ حکومت کیجانب سے پولیس کے بجٹ میں 3 ارب کا کٹ لگانے سے خریداری بری طرح متاثر ہوئی، اگلے مالی سال میں بجٹ میں فنڈز مختص ہونے کے بعد اشیاء کی خریداری ترجیحی بنیادوں پر کی جائےگی، آئی جی پنجاب نے تمام اضلاع کے متعلقہ افسران کو احکامات بھی جاری کر دیئے ہیں جبکہ ڈیمانڈز بھجوانے کے لیے 20 مئی کو تمام اضلاع کے متعلقہ افسران کے ساتھ میٹنگ کرکے طریقہ کار وضع کر دیا جائے گا۔

ذرائع کے مطابق کورونا وائرس کی وجہ حکومت کے پاس فنڈز کی عدم دستیابی کی وجہ سے پنجاب پولیس کاسالانہ ترقیاتی بجٹ بھی بری متاثر ہواہے، حکومتی ہدایات کے مطابق ترقیاتی بجٹ میں 330 سے زائد سکیمیں ڈراپ کرکے صرف 20نئی اور150 جاری شدہ سکیموں کے لیے 3ارب کے فنڈز کی ڈیمانڈ بھجوادی گئی، حکومتی ہدایت کے بعد پولیس نے اگلے مالی سال میں سالانہ ترقیاتی بجٹ میں 3ماہ قبل بھجوائی گئی سکیموں میں فنڈز کی ڈیمانڈ میں واضح کمی کردی ہے۔

گزشتہ مالی سال میں حکومت نے پنجاب پولیس کواڑھائی ارب سے زائد کےفنڈزجاری کیے تھے لیکن نئے مالی سال میں مہلک وبا کی وجہ سےمالی بحران کے پیش نظر مزید کمی کا امکان ہے اور نئی سکیموں کی بجائے جاری شدہ کے لیے فنڈز فراہم کیے جائیں گے۔

مزیدخبریں