کرکٹ میں اب سیلیبریشن کااندازبدلناہوگا:عابد علی

27 May, 2020 | 09:56 AM

Shazia Bashir

(مانیٹرنگ ڈیسک) ٹیسٹ ڈیبیو پر سنچری اسکور کرنے والے اوپننگ بیٹسمین عابد علی نے کہا ہے کہ کورونا وائرس کے باعث کرکٹ میں روایات اور قوانین کی تبدیلی کو قبول کرنا پڑیگا تاہم وہ سنچری بنا کر گلے ملنے اور بالروں کو روایتی انداز میں مبارکباد دینے کو مس کریں گے۔

3 ٹیسٹ اور 4 ون ڈے میچز میں پاکستان کی نمائندگی کرنے والے 32 سالہ عابد علی نے ایک انٹرویو میں کہا کہ کورونا وائرس کی وجہ سے اب سب کچھ بدلا بدلا سا ہے، زندگی تبدیل ہو رہی ہے ، قوانین اور روایات بھی بدل رہی ہیں اور اس کے اثرات اب کھیلوں کے میدانوں میں بھی دیکھنے کو مل رہے ہیں.

ہمیں احتیاطی تدابیر پر عمل کرنا ہے کیونکہ اس کے علاوہ کوئی چارہ نہیں ہے، ہدایات پر عمل کر کے ہی کھیلوں کی سرگرمیاں شروع کی جا سکتی ہیں۔انہوں نے کہا کہ سنچری بنانے کے بعد گلے ملنے کو مس کروں گا لیکن خوشی اس بات کی ہے کہ میں اللہ کا شکر ادا کرسکوں گا، مجھے بہت اچھا لگتا ہے جب کوئی سنچری بناتا ہے یا وکٹ لیتا ہے تو مجھے بھرپور انداز میں مباکباد دینا اچھا لگتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ گلے ملنا، ہاتھ پر ہاتھ مارنا اور سروں میں ہاتھ پھیرنا، اب یہ سب کچھ نہیں ہو سکے گا جو میں بہت مس کروں گا لیکن ہم سب ایک دوسرے کو اب دور دور سے ہی مبارکباد دیں گے۔ عابد علی نے کہا کہ تماشائیوں کے سٹیڈیم میں نہ ہونے سے مجھے بہت مایوسی ہو گی، تماشائیوں کے گراؤنڈ میں ہونے سے بڑی حوصلہ افزائی ملتی ہے، کارکردگی میں بھی بہتری آتی ہے۔

انہوں نے کہاکہ مجھے یاد ہے جب میں نے ڈیبیو سنچری بنائی تو اسٹیڈیم تماشائیوں سے بھرا ہوا تھا اس کا اپنا مزہ ہے، میں وہ ماحول شاید کبھی نہیں بھلا سکوں گا لیکن بند دروازوں میں کرکٹ کی سرگرمیاں تو شروع ہوں گی جوکہ بہت ضروری ہے، شائقین ٹی وی پر کھیل سے لطف اندوز ہو سکیں گے۔

مزیدخبریں