سٹی42: وفاقی وزیر ریلوے حنیف عباسی نے کہا ہے کہ ہم پر غیر اعلانیہ جنگ مسلط کی گئی ہے۔ قوم اپنی فوج کے پیھے کھڑی ہے، اس مسلط کی گئی جنگ میں کامیاب ہم ہی ہوں گے۔
ایم ایل ون معاہدے کے بہت قریب پہنچ چکے ہیں لیکن پہلے ایسا کوئی معاہدہ موجود نہیں تھا۔ بلوچستان میں عید کے بعد سروسز بحال ہوں گی۔
راولپنڈی ریلوے اسٹیشن پر میڈیا کے نمائندوں کے سوالات کے جواب دیتے ہوئے حنیف عباسی نے کہا، بلوچستان میں ٹرین سروس عید کے بعد مکمل بحال کر دی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے واقعات پر قوم مذمت کر رہی ہے، یہ ایک غیر اعلانیہ جنگ ہم پر مسلط کی گئی ہے، قوم کو اپنی فوج کے پیچھے کھڑا ہونا ہے دشمن کے عزائم کو کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔
حنیف عباسی نے کہا کہ ہر ڈی ایس (ریلوے کا ڈویژنل سپرنٹنڈنٹ) ہمیں بتائے کے کن جگہوں پر تجاوزات ہیں، ادارے کی 16 پراپرٹیز س کی ویلیو کے متعلق ہمارا 850 ارب روپے کا تخمینہ ہے۔ اس وقت ریلوے کا خسارہ پینشن کے بھاری بھرکم بل کی وجہ سے ہے،ہم سے حکومت پینشن اٹھا لے اور پیسہ دے تو ریلوے اپنے پاؤں پر کھڑی ہو جائے گی۔
حنیف عباسی نے کہا کہ ریلوے کا فریٹ کا شعبہ صرف ڈیڑھ سو کنٹینر اٹھا رہا ہے، لوگ اپنی ویگنیں لائیں اور ہمارے ساتھ چلائیں۔
انہوں نے بتایا کہ ریلوے پولیس کے گریڈ پنجاب پولیس کے برابر کر دیئے ہیں۔
ریلوے کے وفاقی وزیر نے بتایا، (ریلوے پولیس میں) مزید 15 سو لوگ بھرتی کرنے جا رہے ہیں۔ ریلوے پولیس کے پاس ٹریننگ ہے نہ کیپسٹی ہے۔ انقلابی اقدامات کر کے ریلوے کو اپنے پاؤں پر کھڑا کریں گے۔
حنیف عباسی نے کہا کہ جعفر ایکسپریس پر حملہ کرکے ہمیں زچ پہنچائی گئی لیکن ہم نے دشمن کو اس کا جواب دیدیا ہے، یہ سازش ہے کہ بلوچستان میں پنجابی کو ماریں گے تو پنجاب میں خون ریزی ہو گی۔