بشام میں ہونے والا واقعہ پاک چین دوستی کو نقصان پہنچانے کی کوشش ہے، عطا اللہ تارڑ

27 Mar, 2024 | 03:12 PM

ویب ڈیسک : وفاقی وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ کا کہنا ہے کہ پاکستان کی حکومت دہشت گردی کے ناسور کے مکمل خاتمے کے لئے پرعزم ہے۔ 

عطا اللہ تارڑ نے پریس کانفرنس میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ روز بشام میں افسوسناک واقعہ پیش آیا۔ وزیراعظم نے تمام مصروفیات ترک کر کے چینی سفارت خانہ کا دورہ کیا اور افسوسناک واقعہ پر چینی سفیر سے تعزیت کا اظہار کیا، وزیراعظم نے واقعہ کی نہ صرف مذمت کی بلکہ اس کی تحقیقات کے حوالے سے یقین دہانی کرائی۔ وزیراعظم نے واقعہ کی شدید مذمت کی اور چینی حکام سے قیمتی جانوں کے ضیاع پر تعزیت کا اظہار کیا۔

انہوں نے مزید کہا کہ  چین پاکستان کا آزمودہ دوست ہے، ہر مشکل وقت اور عالمی فورمز پر چین ہمیشہ پاکستان کے ساتھ کھڑا ہوا،سی پیک ملک میں معاشی ترقی کا ضامن ہے، سی پیک کی بدولت ہماری جی ڈی پی میں خاصا اضافہ ہوا، سی پیک کے باعث ملک میں روزگار کے لاکھوں نئے مواقع پیدا ہوں گے۔ چینی سفیر کے ذریعے چینی قیادت کو یہ پیغام دیا گیا کہ دہشت گردوں کے خلاف موثر کارروائی کی جائے گی۔ وزیراعظم نے چین کے سفیر کو یقین دہانی کرائی کہ حکومت پاکستان دہشت گردی کے خاتمے کیلئے کوئی کسر نہیں چھوڑے گی۔  دہشت گردی کے خاتمے کے لئے مربوط حکمت عملی اپنانا ہوگی، آج قوم کو اتحاد کا پیغام دیا گیا کہ تمام اکائیاں وفاق کے ساتھ ایک پیج پر ہیں، پاکستان کی سالمیت اور مفاد پر تمام جماعتیں ایک پیج پر ہیں، ہم اپنا اور اپنے دیرینہ دوستوں کا دفاع کرنا جانتے ہیں۔ 

وفاقی وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ اپنے چینی بھائیوں کے ساتھ ہمدردی کا اظہار کرتے ہیں، ایسے واقعات پاک چین دوستی کو نقصان پہنچانے کی کوشش ہے، پاک چین دوستی انشاءاللہ قائم و دائم رہے گی۔

انہوں نے کہا کہ آج وزیراعظم پاکستان نے سیکورٹی کے حوالے سے اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت کی۔ اجلاس میں، وفاقی وزرائ، چیف آف آرمی اسٹاف، چاروں صوبوں کے وزراءاعلیٰ، چیف سیکریٹریز، آئی جیز، گلگت بلتستان کے چیف سیکریٹری اور آئی جی نے بھی شرکت کی۔ 

مزیدخبریں