خصوصی عدالتوں میں سویلین ٹرائل کالعدم قرار دینے کیخلاف اپیلوں پر تحریری حکم نامہ جاری

27 Mar, 2024 | 03:11 PM

Imran Fayyaz

 (ویب ڈیسک)سپریم کورٹ نے فوجی عدالتوں میں سویلین کا ٹرائل کالعدم قرار دینے کیخلاف اپیلوں پر گزشتہ سماعت کا تحریری حکم نامہ جاری کردیا۔

 تحریری حکم نامے میں عدالت نے سوال اٹھایا ہے کہ پرائیویٹ درخواست گزار اور صوبے اس کیس میں فریق کیسے بن سکتے ہیں؟ عدالت نے اس سوال پر اٹارنی جنرل اور فریقین سے معاونت طلب کی ہے۔

 عدالت نے کیس براہ راست نشر کرنے اور بینچ کی فوری تشکیل نو کی استدعا منظور نہیں کی،حکم نامے میں کہا گیا کہ اپیلوں میں کیس براہ راست نشر کرنے، ملزمان کے رشتہ داروں کو عدالت آنے دینے کے استدعا کی گئی اور دوران سماعت بینچ کی تشکیل پر بھی اعتراض اٹھایا گیا تھا۔

 عدالت نے حکم نامے میں کہا کہ ان معاملات کو دیکھنے میں وقت کا ضیاع ہو گا جس سے زیر حراست افراد کے حقوق متاثر ہوں گے، عدالت کے سامنے زیر حراست افراد کے حقوق کامعاملہ زیرغور ہے،حکم نامے میں مزید کہا گیا کہ تجویز سامنے آئی کہ جن ملزموں کی بریت بنتی ہے ان کی حد تک فیصلے سنائے جائیں، اٹارنی جنرل زیر حراست 103 ملزموں کی تفصیل فراہم کریں۔

 عدالت نے کیس کی آئندہ سماعت 28 مارچ دن ساڑھے 11 بجے تک ملتوی کردی۔

 خیال رہے کہ جسٹس امین الدین خان کی سربراہی میں 6 رکنی لارجر بینچ نے پیر کو کیس کی سماعت کی تھی، دوران سماعت سپریم کورٹ نے اٹارنی جنرل سے فوجی عدالتوں سے رہا ہونے والے اور سزا پانے والے ملزموں کی فہرست سمیت تمام تفصیلات طلب کی تھیں۔

مزیدخبریں