ہمارا واٹس ایپ چینل جوائن کریں

دہشتگردی کے خاتمے کیلئے قومی قیادت ایک ہوگئی

دہشتگردی کے خاتمے کیلئے قومی قیادت ایک ہوگئی
کیپشن: File photo
سورس: google
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play


(اویس کیانی)دہشتگردی کے خاتمے کیلئے قومی قیادت ایک ہوگئی ۔ وزیراعظم شہبازشریف نے کہا کہ وحشیانہ فعل کے مرتکب افراد کو جلد انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا،آرمی چیف جنرل عاصم منیر کا کہنا ہے کہ فوج نے پاکستان کے مخالفین کے مذموم عزائم کو ناکام بنایا ہے، آخری دم تک دہشت گردی کا مقابلہ اپنی پوری طاقت سے کریں گے۔

 وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت سیکیورٹی صورتحال پر اہم اجلاس ہوا، شرکاء نے دستیاب وسائل کو بروئے کار لاتے ہوئے دہشت گردی سے نمٹنے کے عزم کا اعادہ کیا۔

 آرمی چیف نے کہا کہ یقینی بنائیں گے ہر غیرملکی شہری خصوصاً چینی پاکستان میں محفوظ رہیں، دشمنوں نے ایک بار پھر ریاست اور عوام کے حوصلے کو کم سمجھا، قوم نے پچھلی دو دہائیوں سے ثابت قدمی سے دہشت گردی کیخلاف جنگ لڑی، فوج نے پاکستان کے مخالفین کے مذموم عزائم کو ناکام بنایا ہے۔

 اس موقع پر وزیراعظم شہبازشریف نے کہا کہ وحشیانہ فعل کے مرتکب افراد کو جلد انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا، وزیراعظم نے پاکستان اور چین کے عوام کے درمیان بھائی چارے کے پائیدار رشتے پر زور دیا، کہا پوری قوم چینی جانوں کے ضیاع پر غمزدہ ہے۔

 شہبازشریف نے تمام وسائل کو بروئے کار لاتے ہوئے مکمل مشترکہ تحقیقات کرنے کی ہدایت کردی، انہوں نے کہا کہ دہشت گردی ایک بین الاقوامی خطرہ ہے، پاکستان کے دشمنوں نے دہشت گردی کو پاکستان کی ترقی روکنے کے لیے آلہ کار بنایا ہے۔ ایسی کارروائیوں کا مقصد آہنی بھائیوں کے درمیان بداعتمادی پیدا کرنا ہے۔

 اجلاس کے شرکاء کا ملک سے دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے عزم کا اظہار کیا جبکہ سرحدوں کے پار دہشت گردوں کے لیے دستیاب پناہ گاہوں پر شدید تحفظات کا اظہار کیا گیا۔ شرکاء نے دہشت گردی سے نمٹنے کے لیے علاقائی نقطہ نظر کی ضرورت پر زور دیا۔

 وزیر داخلہ محسن نقوی کی جانب سے  داخلی سیکیورٹی صورتحال پر اجلاس کو بریفنگ دی گئی ۔ وزیر اعظم کی زیر صدارت اعلیٰ سطح  اجلاس میں ملک میں سیکیورٹی کی مجموعی صورتحال کا جائزہ لیا گیا۔اجلاس میں آرمی چیف سمیت سیکیورٹی ایجنسیز کے سربراہان شریک ہوئے ۔اجلاس میں وفاقی وزراء، آئی جیز  اور دیگر متعلقہ حکام شریک  ہوئے۔اجلاس میں پاکستان میں کام کرنے والے چینی باشندوں کی سیکیورٹی سےمتعلق امور پر غور کیا گیا۔

 واضح رہے کہ گزشتہ روز خیبرپختونخوا کے ضلع شانگلہ کے علاقے بشام میں خودکش حملہ آور نے بارود سے بھری گاڑی چینی انجینیئرز کی گاڑی سے ٹکرا دی جس کے نتیجے میں خاتون سمیت 5 چینی باشندے اور گاڑی کا ڈرائیور جاں بحق ہو گئے تھے۔

 وزیراعظم شہباز شریف نے اس واقعے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے چینی سفارتخانے جاکر تعزیت کا اظہار کیا تھا اور آج ہونے والا وفاقی کابینہ کا اجلاس ملتوی کر کے سکیورٹی پر ہنگامی اجلاس طلب کیا تھا۔