ویب ڈیسک:وزیراعظم عمران خان کی عامر لیاقت حسین سے ملاقات بھی کام نہ آئی۔ پی ٹی آئی ایم این اے نے ایک بار پھر شکوے اور شکایتوں کے انبار لگادئیے۔
کراچی سے تحریک انصاف کے رکن قومی اسمبلی ڈاکٹر عامر لیاقت حسین کا سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں کہنا ہے کہ آج ساتھ ہو کر بھی پہلی بار خود کو اکیلا محسوس کررہا ہوں۔ جس شخص کو دل و جان سے چاہا،سب سے لڑائیاں مول لیں۔ زرداری صاحب،میاں صاحب ،مریم صاحبہ اور فضل الرحمان صاحب سمیت کسی کیلئے حفظ مراتب کا خیال نہ کیا وہی مجھے تنہا چھوڑ گیا۔ اسمبلی میں نعت کے شعر میں ذکر کیا اور وہ مدینے بھی چھوڑ کر گیا۔
عامر لیاقت نے مزید کہا کہ اگر آپ ناکام ہوئے توآخری ایام میں اپنے آپ کو مسلم امہ کا لیڈرکاہے کوکہلوایا؟ ناموس رسالت کا پاسبان کہا تو پھر ناکام کیوں؟ صاف ظاہر ہے رسول کریم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی وجہ سے دن بنے،مہینوں نے جنم لیا اوراب صرف 15تاریخ تک محدود ہوکر رہ گئے ہیں۔ عامر لیاقت نے مزید شکوہ کرتے ہوئے کہا آپ صحابہ کی ریاست کے نام پر جمعے کی چھٹی تک نہ کراسکے۔
عامر لیاقت کا کہنا ہے کہ اس قدر حساس صورت حال ہے مگر تحریک انصاف کا تکبر اور کرتا دھرتاؤں کا خدا بننا دیکھیے۔ اتحادیوں کی چاپلوسی کرنے والے اپنے ایک ایم این اے سے جلسے کا پروگرام شیئر کرنے کو بھی تیار نہیں۔ اب خود ہی بتائیے میں اس قدر ناقدری پر کیا کروں؟