نواز شریف کی کسی آرمی چیف سے نہیں بنی: شیخ رشید

27 Mar, 2022 | 12:50 PM

Muhammad Zeeshan

ویب ڈیسک:وزیرداخلہ شیخ رشید کا کہنا ہے کہ اندازہ کرو بلاول بھٹو عمران خان  سے استعفا مانگ رہا ہے۔ فضل الرحمان کہہ رہا ہے کہ کل عمران خان کا آخری دن ہے۔میرے پاس اندر کی خبر ہے۔ تمہیں کچھ نہیں ملے گا، عمران خان چھا جائے گا۔ 

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید کا کہنا تھا کہ  تمام جماعتوں کو اسلام آباد میں جلسے کی اجازت ہے لیکن اگر کسی نے دھرنا دیا تو اسے کچل کر رکھ دوں گا۔ آج وزیراعظم عمران خان کا دن ہے، آج تاریخی جلسہ ہے، اپوزیشن کی نالائقی سے عمران خان مزید مقبول ہوگئے، ہم نے جے یو آئی کو جلسے کی اجازت دی، جے یو آئی سے خصوصی درخواست ہے کہ آپ کا جلسہ جہاں ہے وہیں کریں۔

شیخ رشید نے مزید کہا کہ  نواز شریف کی آج تک کسی آرمی چیف سے نہیں بنی حالانکہ وہ خود جی ایچ کیو کے گیٹ نمبر چار کی پیدوار ہیں، بلاول سے پوچھیں کہ کون مال کھاتا تھا صدام کا؟ کون جاتا تھا کرنل قذافی کے پاس، اسامہ بن لادن سے مال کس نے لیا تھا؟

انہوں نے جے یو آئی کو مخاطب کیا کہ اگر آپ کا مقصد انتشار کرنا یا ہنگامہ آرائی کرنا ہے یا مقصد عمران خان کے کارکنوں کا راستہ روکنا ہے کہ تو ہم چوبیس گھنٹے یہاں بیٹھے ہیں۔ ہم نے 28 مارچ کو ن لیگ کو بھی جلسے کی اجازت دی ہے۔ جے یو آئی والے اپنی مرضی سے بیٹھے ہیں انہیں بھی شوکاز نوٹس دے رہے ہیں، تمام جماعتوں کو جلسے کی اجازت ہے لیکن اگر کسی نے دھرنا دیا تو اسے کچل کر رکھ دوں گا۔

وزیر داخلہ نے کہا کہ فضل الرحمان گرتی ہوئی دیواروں کو دھکا دینا چاہتے ہیں ایسا نہ ہو کہ وہ خود گرجائیں، عمران خان اتنا مقبول ہوجائے گا، اگر عمران خان عدم اعتماد میں نہیں بچتا تو بھی اللہ عمران خان کو اس سے بڑی عزت دینے جارہا ہے۔ اسٹیبلشمنٹ پاکستان کے ساتھ ہے۔

اسلام آباد میں جلسوں سے متعلق انہوں نے کہا کہ اگر کسی نے قانون کو ہاتھ میں لیا تو نتیجہ اچھا نہیں ہوگا، شام میں عمران خان کا جلسہ ہے ہم نے مزید راستے بنائے ہیں، کوشش ہے کہ عدالتی فیصلوں کا احترام کیا جائے اور کوئی تصادم نہ ہو لیکن اگر تصادم ہوا تو کوئی نہیں بچے گا اور قانون حرکت میں آئے گا۔

شیخ رشید نے کہا کہ بلاول استعفی مانگ رہا ہے عمران خان سے اور فضل الرحمان بھی، گینگ آف تھری سے کہتا ہوں کہ انہیں کچھ نہیں ملنے والا عمران خان چھا جائے گا چاہے اسمبلی سے ہو یا عوام اور تم دیکھتے رہ جاؤ گے، عمران خان آخری بال تک کھیلیں گے، جو تم چاہ رہے ہو وہ نہیں ہونے والا اور اقتدار تمہاری جھولی میں نہیں آئے گا۔

وزیر داخلہ نے کہا کہ یہ مافیاز ہیں شوگر مل والے، گھی والے اور اپٹما والے، چاہتا ہوں کہ عمران خان کی وجہ سے ایسا انقلاب آئے کہ چور اور مافیاز کا خاتمہ ہو، میں نے سندھ میں گورنر راج لگانے کی تجویز دی اور آج بھی حامی ہوں تاہم عمران خان راضی نہیں ہوئے، ہمیں ایک زبردست بجٹ پاس کرکے عوام میں جانا چاہیے

شیخ رشید نے تسلیم کیا اور کہا کہ ہمارے دور میں مہنگائی تھی ہمارے دور میں غریب کو وہ سہولت نہیں ملی جو دینی چاہیے تھی اس کی وجہ یہ مافیاز اور چور تھے، ہمیں ایک اچھا بجٹ دینا چاہیے۔

مزیدخبریں