ویب ڈیسک:بھارت میں آئےروزشادیوں کے حوالے سے منفرد اور دلچسپ واقعات سامنے آتے رہتے ہیں جہاں کبھی دولہا شادی سے بھاگ جاتا ہے تو کبھی دلہن والوں کی طرف سے انوکھی شرط رکھنے پر شادی ختم ہوجاتی ہے۔ایسا ہی کچھ انوکھا واقعہ اس بار بھی پیش آیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق بھارتی ضلع شمبھو گنج بلاک کے گاؤں ماجھگئی میں دولہاسپنوں کی رانی کو بیاہ کر گھر لانے کیلیے باراتیوں کے ہمراہ بینڈ باجے کے ساتھ بارات لیکر منڈپ پہنچا تو اس کی ایک حرکت نے اس کے ارمانوں کو خاک میں ملا دیا۔
ہوا کچھ یوں کہ جب بارات منڈپ پہنچی اور ہندو روایت کے مطابق دلہن کے دولہا کو مالا پہنانے کا موقع آیا تو اسے اس موقع پر جھومتا دیکھ کر دلہن نے شادی سے انکار کردیا۔ اس موقع پر دلہن نے تو شادی سے انکار کیا جب کہ لڑکی کے گھر والوں اور گاؤں والوں نے بھی دلہا سمیت باراتیوں کو آڑے ہاتھوں لیا۔ دلہن والوں کا غصہ دیکھ کر باراتیوں نے دولہا سمیت وہاں سے فرار ہونے میں ہی عافیت جانی۔
دولہا اور باراتی کےرفوچکر ہوتے ہی بینڈ باجے والےبھی وہاں سے اپنی بھرپور کمائی نہ ہونے کا افسوس کرتے ہوئے رخصت ہوگئے جب کہ شادی میں شریک دیگر مہمانوں نے بھی اپنے گھر کی راہ لی۔