علامہ اقبال ٹاﺅن (زین مدنی) اداکارہ کبریٰ خان اور گوہر ممتاز کی آنےوالی فلم ’ابھی‘ کا مختصر ٹیزر جاری کردیا گیا، جس میں مرکزی کرداروں کی جھلک دکھائی گئی ہے۔ ٹیزر سے ’ابھی‘ کی کہانی سمجھنا مشکل ہے، تاہم عندیہ ملتا ہے کہ فلم کی کہانی نہ صرف رومانس بلکہ ٹریجڈی اور قوم پرستی کے گرد بھی گھومتی ہے۔
مختصر دورانیے کے ٹیزر میں گوہر ممتاز اور کبریٰ خان کو نہ صرف رومانس کرتے دکھایا گیا ہے بلکہ انہیں مشکل حالات سے بھی لڑتے دکھایا گیا ہے،ٹیزر سے یہ سمجھنا مشکل ہے کہ فلم میں کبریٰ خان اور گوہر ممتاز کے درمیان تعلقات کیسے استوار ہوئے اور یہ کہ ان کے کردار کتنے اہم ہیں؟ٹیزر میں نہ صرف پاکستان کے شمالی علاقہ جات اور آزاد کشمیر کے خوبصورت مناظر دکھائی گئے ہیں بلکہ فلم میں اہم مسلم ملک ترکی کے مناظر بھی شامل ہیں۔’ابھی‘ کے ٹیزر کو جاری کرتے ہوئے اسے جلد ریلیز کرنے کا عندیہ دیا گیا ہے، تاہم اس کی نمائش کی تاریخ کا اعلان نہیں کیا گیا۔
ممکنہ طور پر ’ابھی‘ کو بھی عیدالفطر یا پھر عید الاضحی پر ریلیز کیا جائے گا، تاہم اس حوالے سے کچھ بھی کہنا قبل از وقت ہے۔’ابھی‘ سے کبریٰ خان کم از کم چار سال بعد جب کہ گوہر ممتاز تقریبا 6 سال بعد بڑے پردے پر واپسی کر رہے ہیں۔