پرائیوٹ سکولز فیڈریشن نے بڑا اعلان کردیا

27 Mar, 2021 | 07:31 PM

M .SAJID .KHAN

(جنید ریاض)آل پاکستان پرائیوٹ سکولز فیڈریشن اورنیشنل سول سوسائٹی نے 31 مارچ کو لاہور سے اسلام آباد لانگ مارچ کا اعلان کردیا۔

تفصیلات کے مطابق علامہ اقبال ٹاون میں آل پاکستان پرائیوٹ سکولز فیڈریشن اور دیگر ایسوسی ایشنزنے مشترکہ طور پر پریس کانفرنس کی ۔ اس موقع پر متفقہ اعلان کیا کہ تعلیمی اداروں کو گیارہ اپریل تک کسی صورت بند نہیں کریں گے ۔ صدر آل پاکستان پرائیوٹ سکولز فیڈریشن مرزا کاشف نے مطالبہ کیا کہ طلبہ و اساتذہ کو کورونا ویکسین فی الفور لگوائی جائے،سیاسی اجتماعات کو فی الفور بند کروایا جائے،سب کچھ کھلا ہے تو تعلیمی ادارے کیوں بند ہیں؟

این سی او سی نوٹس لے،سکولوں کی بندش سے 4 کروڑ طلبہ کی تعلیم متاثر ہوئی،ایک لاکھ سکولز بند اور 7 لاکھ اساتذہ بے روز گار ہوئے۔ ان کا کہنا تھا کہ سنگل نیشنل کریکولم کے نام پر مارکیٹ میں کتابیں دستیاب نہیں جس سے بچوں کا سال ضائع ہوسکتا ہے۔ مرزا کاشف نے کہا کہ مطالبات تسلیم نہ ہوئے تو ملک بھر سے تعلیمی اداروں کے نمائندے اسلام آباد تک لانگ مارچ کریں گے۔تاجر رہنماء نعیم میر نے کہا کہ ملکی معیشت تب ہی چل سکتی ہے جب حکومت تمام شعبوں کو ریلیف فراہم کرے،کورونا کی تیسری لہر میں تمام شعبہ جات بند کرنے سے بے روزگاری میں اضافہ ہوا ہے۔

واضح رہے کہ نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سنٹر کے اجلاس کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود  نے کہا کہ جہاں کورونا کی شدت زیادہ ہے وہاں تعلیمی ادارے 11اپریل تک بند رہیں گے،نویں تا بارہویں جماعت  کےامتحانات شیڈول کے مطابق مئی کے آخر میں ہوں گے۔

صوبائی وزیر تعلیم پنجاب مراد راس نے بھی اپنے ٹویٹر پیغام میں تمام سرکاری اور پرائیویٹ تعلیمی ادارے 11 اپریل تک بند رکھنے کا اعلان کیا، وزیرتعلیم نے اپنے ٹویٹ میں لکھا ہے کہ لاہور ، راولپنڈی، گوجرانوالہ، ملتان ، فیصل آباد ، سرگودھا ، شیخوپورہ سمیت 8 اضلاع میں 11 اپریل تک تعلیمی ادارے بند رہیں گے جبکہ باقی اضلاع میں تعلیمی ادارے پرانے شیڈول کے مطابق کھلے رہیں گے۔ 

مزیدخبریں