سٹی42: لیگی رہنماء مریم نواز نے جاتی امراء اراضی کیس میں ضمانتی مچلکے جمع کروادئیے، مریم نواز نے کہا ہے کہ پی ڈی ایم کی صف بندی ہو گئی ہے، اصل اپوزیشن مسلم لیگ ن اور جے یو آئی ہیں، افسوس کی بات ہے کہ بہت ہی چھوٹے عہدے کیلئے جمہوریت کو نقصان پہنچایا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق لاہور ہائیکورٹ کے حکم پر مریم نواز نے ضمانتی مچلکے جمع کروادیئے ہیں۔ مریم نوازکے ضمانتی مچلکے ڈپٹی رجسٹرار جوڈیشل ہائیکورٹ کو جمع کروائے گئے۔ لیگی رہنما سیف الملوک کھوکھر نے مریم نواز کے ضمانتی مچلکے جمع کروائے۔ مریم نواز کی موجودگی میں ضمانتی مچلکوں پر گواہوں کے دستخط لئے گئے۔
لاہور ہائیکورٹ میں ضمانتی مچکلے جمع کرانے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مریم نواز کا کہنا تھا کہ ایک طرف لکیر کھینچ دی گئی ہے تو دوسری طرف قربانیاں دینے والے کھڑے ہیں۔ صف بندی ہو چکی، عوام سب کے بیانیے کو جان چکی ہے۔ عوام جان چکے کس کا کیا بیانیہ ہے، ہمیں مولانا فضل الرحمان کے موقف کا انتظار ہے۔
انہوں نے کہا کہ افسوس ہے چھوٹے سے عہدے کیلئے جمہوریت کو نقصان پہنچایا گیا، چھوٹے سے عہدے کیلئے باپ پارٹی سے ووٹ لئے گئے، اتنے ووٹ چاہئے تھے تو نواز شریف سے مانگ لیتے۔ پہلی بار دیکھا ہے کہ سینیٹ اپوزیشن لیڈر حکومتی ارکان سے مل کر بنا۔
مریم نواز کا مزید کہنا تھا کہ اگر آپ سلیکٹڈ ہونا چاہتے ہیں تو آپ کو عمران خان کی تابعداری کرنی پڑے گی، سلیکٹرز پنجاب میں تبدیلی چاہتے تھے۔