(جنید ریاض) پانچویں جماعت کے طلبا کیلئے اہم خبر، پنجاب ایگزامینیشن کمیشن نے لارج سکیل اسسمنٹ امتحان لینے کا فیصلہ کرلیا، پائلٹ پراجیکٹ کے طور پر ایسسمنٹ امتحان 3 مئی سے 6 مئی کے دوران لیا جائے گا۔
پنجاب ایگزامینیشن کمیشن صوبہ بھر کے منتخب سرکاری سکولوں میں پانچویں جماعت کا لارج سکیل اسسمنٹ امتحان لے گا، پائلٹ پراجیکٹ کے طور پر ایسسمنٹ امتحان 3 مئی سے 6 مئی کے دوران لیا جائے گا، مذکورہ امتحان 4 ہزار 363 منتخب سکولوں میں لیا جائے گا۔
پیک نے پیپر مارکنگ کیلئے اساتذہ سے درخواستیں مانگ لی ہیں، 3 سال کا تجربہ رکھنے والے سرکاری سکولوں کے اساتذہ کو ترجیح دی جائے گی، پیپر گورنمنٹ پائلٹ ہائر سکینڈری سکول وحدت کالونی میں چیک ہونگے، پیپر مارکنگ کیلئے اساتذہ 15 مئی تک درخواست جمع کرواسکیں گے۔
دوسری جانب پنجاب ایگزمینیشن کمیشن نے 36 اضلاع میں رینڈملی منتخب پرائمری کے بچوں کا امتحان کیلئے فوکل پرسنز تعینات کردیئے، ضلع لاہور میں ڈپٹی ڈی ای او شالیمار ٹاون محمد عارف کو فوکل پرسن تعینات کیا گیا ، اٹک میں کاظم حسین، فیصل آباد میں ارشاد احمد، چنیوٹ میں محمد ظفر اقبال، چکوال میں فیض زمان، ملتان میں مظہر الحق ،ٹوبہ ٹیک سنگھ میں ذوالفقار حسین کو فوکل پرسن تعینات کردیا گیا۔
واضح رہے کہ لاہور سمیت پنجاب بھر میں کورونا وائرس کے باعث تعلیمی ادارے بند ہیں، جس کی وجہ سے چہ میگوئیاں ہورہی تھیں کہ امتحانات نہیں ہونگے، وفاقی وزیر تعلیم نے اپنے ایک بیان میں اس بات کی وضاحت کردی۔
وزیر تعلیم نے کہا کہ کورونا کے پیش نظر گزشتہ برس نویں ،دسویں ، گیارہویں اور بارہویں کے امتحانات نہیں ہوئے تھے تاہم اس بارایسا نہیں ہوگا، نویں تا بارہویں جماعت کےامتحانات شیڈول کے مطابق مئی کے آخر میں ہوں گے, کسی بھی طالبعلم کو بغیر امتحان اگلی کلاس میں پروموٹ نہیں کیا جائےگا۔