(شاہین عتیق) چینوٹ مائنز اینڈ منرل ریفرنس میں بڑی پیش رفت ہوئی ہے، صوبائی وزیر جنگلات سبطین خان کے شریک ملزم ارشد وحید کو اشتہاری قرار دینے کے نوٹس آویزاں کر دیئے گئے۔
احتساب عدالت کے جج امجد نذیر چودھری نے ملزم ارشد وحید کو اشتہاری قرار دینے کی کارروائی کا آغاز کر رکھا ہے، عدالتی حکم پر اسلام آباد پولیس نے احاطہ عدالت کے باہر ملزم کو اشتہاری قرار دینے کے حوالے سے اشتہارات آویزاں کیے، عدالت میں پیش نہ ہونے پر ملزم ارشد وحید کیخلاف اشتہاری قرار دینے کی کارروائی کا آغاز کیا گیا۔
ملزم ارشد وحید چینوٹ مائنز اینڈ منرل ریفرنس میں نامزد ملزم ہے، ملزم ارشد وحید پر ٹھیکے میں مالی بے ضابطگیاں کرنے کا الزام ہے، نیب نے سبطین خان، ارشد وحید سمیت دیگر کیخلاف ریفرنس دائر کر رکھا ہے، ملزم ارشد وحید کو چینوٹ مائنز اینڈ منرل کا ٹھیکے ملا تھا۔
واضح رہے کہ 14 جون 2019 کو نیب لاہور نے سبطین خان کو غیر قانونی ٹھیکوں کے الزام میں گرفتار کیا تھا، وہ میانوالی پی پی 884 سے تحریک انصاف کے ٹکٹ پر منتخب ہوئے تھے اور پھر وزیر جنگلات وجنگلی حیات بنے، گرفتاری کے بعد انہوں نے وزیر جنگلات کے عہدے سے استعفیٰ دیدیا تھا۔28 ستمبر 2019میں انہیں لاہور ہائیکورٹ نے رہا کردیا تھا، جس کے بعد انہیں دوبارہ جنگلات کی وزارت دے دی گئی تھی۔