ندیم بابر کے بعد ایک اور اہم شخصیت عہدے سے فارغ

27 Mar, 2021 | 12:08 PM

Sughra Afzal

(مانیٹرنگ ڈیسک) وفاقی حکومت نے ہائر ایجوکیشن کمیشن ترمیمی آرڈیننس 2021 نافذ کر دیا، اسٹیبلشمنٹ ڈویژن نے باضابطہ نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا۔

وزیراعظم عمران خان کی منظوری کے بعد وفاقی حکومت کی جانب سے ہائر ایجوکیشن کمیشن ترمیمی آرڈیننس جاری کردیا گیا، ترمیمی آرڈیننس میں چیئرمین ایچ ای سی کی مدت دو سال مقرر کی گئی ہے، آرڈیننس سے قبل چئیرمین کے عہدے کی مدت 4 سال تھی۔ آرڈیننس کے نفاذ سے چیئرمین ایچ ای سی عہدے سے فارغ ہو گئے۔

یاد رہے کہ طارق بنوری کو سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے مئی 2018 میں تعینات کیا تھا۔ چیئرمین ایچ ای سی طارق بنوری نے مئی 2022 تک 4 سالہ مدت پوری کرنا تھی۔

واضح رہےکہ گزشتہ سال ملک میں پیدا ہونے والے پٹرولیم بحران کے پیش نظر وزیراعظم عمران خان نے معاون خصوصی برائے پٹرولیم ندیم بابر سے استعفیٰ مانگ لیا،اس بات کی تصدیق وفاقی وزیر اسد عمر نے اپنی پریس کانفرنس میں کی۔ اسد عمر نے کہا کہ سیکرٹری پٹرولیم کو بھی عہدے سے ہٹانے کی سفارش کی گئی، وزیراعظم نے فیصلہ کیا کہ اس بحران کی تحقیقات کی جائیں جو ایف آئی اے نے کیں، 90 دنوں میں ایف آئی اے فرانزک تحقیقات مکمل کرے گی۔

مزیدخبریں