( عابد چوہدری ) کورونا کی وبا کے خلاف فرنٹ لائن پر فرائض ادا کرنے والے ڈاکٹرز کو سٹی ڈویزن پولیس کے دستے نے سلامی دی اور پھولوں کے گلدستے پیش کیے۔
کورونا وائرس جیسی موزی وبا سے لڑنے والے ڈاکٹروں اور عملے کو پوری دنیا میں خراج تحسین پیش کیا جارہا ہے ایسے ہی سٹی ڈویزن پولیس نے بھی ان قومی ہیروز کو سلامی دی۔ میو ہسپتال میں ڈاکٹرز اور پیرا میڈیکس کو ایس پی سٹی صفدر رضا کاظمی کی سربراہی میں پولیس افسران اور اہلکاروں نے خراج تحسین پیش کیا۔
اس موقع پر ایس پی سٹی کا کہنا تھا کہ ڈاکٹرز اپنی زندگیوں کو خطرے میں ڈال کر ہمارے ملک و قوم کی خدمت کر رہے ہیں جبکہ سلامی کے دوران پیرا میڈیکل اسٹاف اور ڈاکٹرز کی کثیر تعداد موجود تھی۔
ڈاکٹرز کا کہنا تھا کہ پولیس اور قانون نافذ کرنے والے ادارے بھی فرنٹ لائن پر کام کر رہے ہیں اور شہری اپنے آپ کو گھروں میں محفوظ رکھیں۔
پاکستان میں کورونا وائرس کے باعث اموات کی تعداد 10 اور متاثرہ افراد کی تعداد 1200 سے اوپر چلی گئی ہے،ملک میں سب سے زیادہ کورونا وائرس کے کیسز سندھ میں سامنے آئے ہیں،دوسرے نمبر پر پنجاب اور تیسرے نمبر پر خیبر پختونخوا ہے۔