سٹی 42 : کورونا وائرس کے دنیا بھر میں حملے جاری ہیں ،اب تک پانچ لاکھ افراد اس کا شکار ہوچکے ہیں،عام افراد کو بچانے کیلئے ہسپتالوں میں کام کرنے والے ڈاکٹرز،نرسیں اور دیگر طبی عملہ ہراول دستے کا کردار ادا کررہے ہیں، ایران میں ڈاکٹر شریں مریضوں کو بچاتے بچاتے شہید ہوچکی ہیں تو پاکستان میں ڈاکٹر اسامہ ریاض اپنی جان رب کے حوالے کرچکے ہیں،ایسے میں پاک فوج کے جوان ،پولیس ،ریسکیو کا عملہ بھی پیش پیش ہے۔ان سب کو خراج تحسین پیش کرنے کیلئے ملک بھر میں سفید جھنڈے لہرائے جائیں گے۔
پاکستان شوبز انڈسٹری کے ستاروں اور قومی کھلاڑیوں کی جانب سے خطرناک کورونا وائرس کے خلاف جنگ لڑنے والے ڈاکٹرز، نرسز اور طبے عملے کو خراجِ تحسین پیش کیا جا رہا ہے۔دوسروں کی خاطر خود کو خطرے میں ڈالنے والے ڈاکٹرز، نرسز اور طبی شعبے سے وابستہ افراد کو خراج تحسین پیش کرنے کے لیے ملک بھر میں آج شام 6 بجے سفید پرچم لہرائے جائیں گے اور سب مل کر گانا گائیں گے۔
قومی کھلاڑی احمد شہزاد کا کہنا ہے کہ 'اس مشکل وقت میں پاکستان کے ڈاکٹرز، پیرا میڈکس، نرسز اور شعبہ صحت میں کام کرنے والے تمام لوگوں کے حوصلے اور جرات کو میرا اور اس قوم کو سلام، آئیے جمعے کے روز شام 6 بجے اپنی اپنی چھتوں کے اوپر سفید جھنڈا لہرائیں اور ان تک یہ پیغام پہنچائیں کے وہ مسیحہ ہیں اس قوم کے '۔
وسیم اکرم نے کہا کہ اس مشکل وقت میں پاکستان کے ڈاکٹرز، پیرا میڈکس، نرسز اور شعبہ صحت میں کام کرنے والے تمام لوگوں کو میری اور پوری قوم کی طرف سے سلام'۔شنیرا اکرم کا کہنا ہے کہ جمعے کے روز 6 بجے اپنی چھتوں پر سفید جھنڈے لہرائیں۔
اداکار ہمایوں سعید اور عدنان صدیقی نے بھی پاکستان کے ڈاکٹرز، پیرا میڈکس، نرسز اور شعبہ صحت میں کام کرنے والے تمام لوگوں کی جرات کو سلام پیش کیا اور انہیں خراج تحسین پیش کرنے کے لیے سفید جھنڈے لہرانے کی درخواست بھی کی۔
سوشل میڈیا پر ’’ سلیوٹ آل فرنٹ لائنرز‘‘ کا ٹرینڈ چل رہا ،پولیس اہلکار طبی عملے کو سلیوٹ کررہے ہیں۔