(سٹی 42 نیوز) پاکستان میں کھاد بنانے اور اس کی مارکیٹنگ کرنے والے سب سے بڑے ادارے فوجی فرٹیلائزر کمپنی لمیٹڈ نے کسانوں کی پیداواری لاگت کو کم کرنے کیلئے حکومت پاکستان کی طرف سے GIDC کے خاتمہ کے بعد کاشتکار برادری کی مدد کرنے کی کوششوں کے سلسلے میں پہل کرتے ہوئے سونا یوریا کی قیمتوں میں فی بوری 375 روپے کی کمی کردی ہے۔
ایف ایف سی نے ایک سرکردہ فرٹیلائزر کمپنی ہونے کے ناطے پاکستان کے کاشتکار طبقہ کی ہمیشہ سرپرستی کی ہے، مناسب قیمتوں پر اعلیٰ معیاری کھادوں کی فراہمی ایف ایف سی کا خاصہ رہی ہے، کسانوں کی آمدنی میں اضافہ اور ان کی فلاح و بہبود ہی کمپنی کا بنیادی مشن ہے۔
ایف ایف سی منیجر کا کہنا تھا کہ ملک میں بڑھتی ہوئی وبائی صورتحال میں خوراک کے تحفظ کو یقینی بنانے کیلئے ہمارے کاشتکاروں کو مزید تعاون کی ضرورت ہے، اسی لئے پروڈکشن کی بھاری لاگت کے باوجود ایف ایف سی نے سونا یوریا کی فی بوری قیمت میں 23 روپے مزید کمی کردی ہے، یہ ترقی کے سفر کو جاری رکھنے اور ملک و قوم کی خدمت کیلئے کمپنی کے عزم کا واضح اظہار ہے۔
انہوں نے کہا کہ ایف ایف سی اس مشکل وقت میں کسانوں کے شانہ بشانہ کھڑی ہے اور مستقبل میں بھی پاکستان کی ترقی اور خوشحالی کو یقینی بنانے کیلئے ہمیشہ ان کا بھرپور ساتھ دیتی رہے گی۔