ٹی ٹوینٹی ورلڈ کپ کا دوسرا سیمی فائنل؛ انڈیا کی ٹیم 171 رنز بنا پائی

27 Jun, 2024 | 08:47 PM

سٹی42: آئی سی سی مینز ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے دوسرے سیمی فائنل  میں آج انگلینڈ اور انڈیا آمنے سامنے  آئے تو انگلینڈ نے انڈیا کے بیٹرز کو 20 اوورز میں 171 رنز تک محدود کر دیا۔ انڈیا کو یہ مجموعہ بنانے کے لئے 7 وکٹیں گنوانا پڑیں۔  آخری دو اوورز میں بلیو شرٹس24  رن بنائے۔ 

انڈیا کے دو ٹاپ بیٹر پاور پلے کے دوران آؤٹ ہو  گئے تھے۔ اس کے بعد  اور روہت شرما کے ساتھ  سوریا کمار یادیو وکٹ پر آئے۔ ساتویں اوور میں روہت شرما نے عادل رشید کو دو چوکے مار کر رن ریٹ کچھ بہتر کر لیا ہے۔   آٹحویں اوور میں سوریا کمار یادیو نے کرس جورڈن کو چھکا مار دیا۔ 8 اوورز کے اختتام پر انڈیا کا سکور 65  رنز ہو گیا۔  دونوں سٹار بیٹرز نے  انڈیا کے مجموعہ میں 73 رنز کا اضافہ کیا۔  14 وین اوور میں روہت شرما  کو عادل رشید نے بولڈ کر دیا۔ روہت نے آج 39 بالز سے   57  رنز بنائے۔ انہوں نے 6 چوکے اور  2  چوکے لگائے۔

مزید 6 گیندوں کے بعد سوریا کمار یادیو بھی  جوفرا  آرچر کی بال پر کرس جورڈن کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہو گئے۔ یہ دو بڑی وکٹیں گرنے کے بعد  رہدیک پانڈیا ور شیوم دوبے 18 اوور میں  کرس جورڈن کی گیندوں پر کیچ آؤٹ ہوئے۔ تاہم اس دوران انڈیا کا سکور بڑھ کر  146 ہو گیا۔ آخری دو اوورز میں رویندر جدیجا اور  اکسر پٹیل نے انڈیا کے مجموعہ کو بڑھا کر سیف زون تک پہنچایا۔  20 ویں اوور کی چوتھی بال پر اکسر پٹیل نے کرس جورڈن کو چھکا مارا اور پانچویں گیند پر وہ ڈیپ لیگ پر کیچ آؤٹ ہو گئے۔  آخری گیند پر اشدیپ سنگھ نے ایک رن بنا کر سکور  171 رنز کر دیا۔ 

بھارت کے اوپنر   ویرات کوہلی آج کے میچ میں  9 گیندں سے  ایک چھکے کی مدد سے  9 رنز بنا کر  ریسی ٹوپلر کی گیند پر کلین بولڈ ہوئے۔  رشبھ پنت کو سیم  کورن کی گیند پر جونی برسٹو نے کیچ آؤٹ کیا۔ 

آٹھ اوورز کے بعد بارش 

میچ کے آٹھ اوور ہونے کے بعد بارش شروع ہو  گئی اور میچ روک دیا گیا۔ اس وقت انڈیا کا رن ریٹ 8.40 تھا۔


انگلینڈ کی باؤلنگ 

کرس جورڈن نے تین وکٹیں لیں۔ ریسی ٹوپلے، جوفرا آڑچر، سیم کورن، عادل رشید، لیام لیونگ سٹون ایک ایک وکٹ حاصل کر سکے۔ سب سے زیادہ رنز سیم کورن اور کرس جورڈن کو پڑے جن کی فی اوور اکانومی 12 سے زیادہ رہی۔

ٹاس

میچ کا ٹاس ہو چکا ہے۔ ٹاس انگلینڈ  کے کیپٹن جوز بٹلر نے جیت لیا اور بیٹنگ حریف کپتان روہت شرما کو دے دی۔ 

پروویڈنس سٹیڈیم گیانا

آج کا میچ گیانا  کے پروویڈنس سٹیڈیم میں ہو رہا ہے۔ یہ سٹیڈیم 2007 میں ٹی ٹوینٹی ورلڈ کپ کے سپر ایٹ راؤنڈ کے میچوں کے لئے خاص طور سے تعمیر کیا گیا تھا۔ 

میچ سے پہلے بارش: سیمی فائنل کیلئے فاضل دن دستیاب نہیں

 میچ سے پہلے بارش ہوتی رہی ہے۔ باررش کی وجہ سے میچ کا ٹاس بھی تاخیر سے ہوا۔

تاہم تقریباً ڈیڑھ گھنٹے کی تاخیر کے باعث ٹاس ہوا۔   ٹاس میں تاخیر کے باوجود طے شدہ اوورز کی تعداد  میں کوئی کمی نہیں نہیں کی گئی۔ تاہم اگر میچ شروع ہونے کے بعد بارش نے زیادہ  مداخلت کی تو  فاضل وقت کی گنجائش نہ ہونے کے سبب میچ کو مختصر کرنا پڑ سکتا ہے۔ 

آج ہو رہے بھارت اور انگلینڈ کے سیمی فائنل میچ کیلئے ریزرو ڈے کے بجائے 250 منٹ کا اضافی وقت رکھا گیا ہے۔ 

 آج میچ کے حوالے سے بعض ناقدین یہ سوال کر رہے ہیں کہ بارش کے امکان کے باوجود بھارت اور انگلینڈ کے سیمی فائنل کیلئے اضافی دن کیوں نہیں رکھا گیا؟  آئی سی سی کے طے کردہ رول کے مطابق آج کا سیمی فائنل مسلسل بارش کی وجہ سے میچ منسوخ کرنا پڑا تو اس صورت میں بھارت سپر 8 مرحلے کے گروپ ون میں اپنی پہلی پوزیشن کی بنیاد پر فائنل میں پہنچ جائے گا۔

ورلڈ کپ ایونٹ میں سیمی فائنل میچ کھیلے بغیر فائنل میں پہنچ جانے کا رول مضحکہ خیز ہے لیکن آئی سی سی کا 2024 کا ورلڈ کپ تو ایسی مضحکہ خیز نا انصٓفیوں سے ہی بھرا پڑا ہے۔
ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے پہلے سیمی فائنل میں ساؤتھ افریقہ  افغانستان کو شکست دے کر پہلے ہی فائنل میں آ چکا ہے۔ آج جیتنے والی ٹیم کو ٹرافی تک پہنچنے کے لئے ساؤتھ افریقہ سے مقابلہ کرنا ہو گا اور مارکرم الیون پہلی مرتبہ ورلڈ کپ کے فائنل تک پہنچنے کے بعد ٹرافی ساتھ لے جانے کے لئے ایڑی طوٹی کا زور لگائے گی۔

مزیدخبریں