ثمرہ فاطمہ: سرکاری ہسپتالوں میں جاری ہڑتال اور علاج معالجہ کی بندش کے خلاف عوامی رکشہ یونین، سول سوسائٹی اور مزدور تنظیموں کے نمائندوں نے لاہور پریس کلب میں احتجاجی مظاہرہ کیا۔
سرکاری ہسپتالوں میں جاری ہڑتال کے خلاف احتجاج کرنے والے رکشہ ڈرائیوروں ور دیگر تنظیموں کے نمائندوں نے کہا کہ احتجاج کرنا ڈاکٹروں کا حق ہے لیکن انہیں احتجاج کے نام پر او پی ڈیز بند کر کے عوام کو علاج کے بنیادی ھق سے محروم کر دینا ظلم ہے۔
احتجاجی مظاہرے کی قیادت کرنے والے عوامی رکشہ یونین کے چئیرمین مجید غوری نے کہا کہ ڈاکٹر مسیحا ہوتے ہیں لیکن ڈاکٹروں کی ہڑتال کی وجہ سے مریض خوار ہو رہے ہیں۔ ڈاکٹروں کو شکایت حکومت اور حکمرانوں سے ہے تو ان کے دفاتر کا گھیراؤ کریں۔
ان کے جائز مطالبات میں ہم بھی ان کا ساتھ دیں گے۔ لیکن یہ کسی صورت قابل قبول نہیں کہ آپ سرکاری ہسپتالوں سے پوری پوری تنخواہیں لے کر آئے روز ہڑتال کریں۔مظاہرین کا کہنا تھا اگر ہڑتال ختم نہ کی گئی تو احتجاج کا دائرہ کار وسیع کر دیں گے اور ہر سرکاری ہسپتال کے باہر بیٹھ کر دھرنا دیں گے۔