ویب ڈیسک: اوکاڑہ سے6 ماہ 13دن میں 5400 کلومیٹر کاپیدل سفر کرکے حجاز مقدس پہنچنے والے عثمان ارشد نےحج کی سعادت حاصل کرلی۔
حاجی عثمان ارشد کا کہنا ہے کہ الحمدللہ آج حج کی ادائیگی سے زندگی کا سب سے بڑا فریضہ ادا ہوگیا ۔ اوکاڑہ کے حاجی عثمان ارشد نے اپنے ایک تحریری پیغام میں کہا کہ اللہ کا شکر گزار ہوں جس کے فضل اور ماں باپ اساتذہ اور دوستوں کی دعاوں سے حج کی ادائیگی آج اپنے اس مقصد میں کامیاب ہوگیا جس کیلئے تقریبا 9 ماہ قبل اوکاڑہ سےحج کیلئے پیدل سفر پر نکلا تھا، تین ملکوں کے بارڈر کراس کرکے چھ ماہ اور تیرہ دن میں 5400 کلومیٹرز کا پیدل سفر کیا۔
انہوں نے مزید کہا کہ راستے میں متعدد مشکلات دیکھیں یہاں پہنچ کر عمرہ کے ویزے کو حج کے ویزہ میں تبدیل کرنے کا مسئلہ پیدا ہوا تھا۔ مجھے ایک بار سعودی عرب سےنکل کربحرین آنا پڑا پھر دوبارہ سعودی عرب میں حج ویزے پردوبارہ داخلہ ممکن ہوا لیکن میں نے ہمت نہیں ہاری، آج بہت خوش ہوں اور اللہ کا شکر ادا کرتا ہوں کہ متعددعمرے ادا کرنےکے بعد آج حج بھی ادا کرلیا ہے۔ خطبہ حج کے موقع پرپاکستان کی خوشحالی ترقی اور سلامتی کیلئے دعائیں کی ہیں، اللہ سب کو حج کی سعادت نصیب فرمائے آمین۔