نشتر پارک (حافظ شہباز علی) سینئر انٹر سٹی کرکٹ چیمپئن شپ، لاہور کے تین زونز کی چھ ٹیموں کی سلیکشن میں میرٹ کی دھجیاں بکھیر دی گئیں، سابق کپتان رمیز راجہ، انضمام الحق اور اکرم رضا کے بیٹوں کو باصلاحیت کھلاڑیوں پر فوقیت دی گئی۔
ذرائع کے مطابق لاہور کی چھ ٹیموں کی سلیکشن میں میرٹ کی دھجیاں بکھیر دی گئیں، کرکٹ آرگنائزرز سلیکشن کے طریقہ کار اور باصلاحیت کھلاڑیوں کو نظر انداز کرنے پر حیران ہیں، سابق کپتان رمیز راجہ، انضمام الحق، اکرم رضا، منصور رانا کے بیٹوں کو باصلاحیت کھلاڑیوں پر فوقیت دینے کا انکشاف ہوا ہے، ویسٹ زون میں کھیلنے والے رمیز راجہ کے بیٹے حیدر رمیز راجہ کو نارتھ زون میں شامل کرلیا گیا، اکرم رضا کے بیٹے ذیشان اکرم اور انضمام الحق کے بیٹے ابتسام الحق اور منصور رانا کے بیٹے دانیال رانا کو ایسٹ زون کی ایک ٹیم میں شامل کیا گیا ہے، لاہور ایسٹ زون کی ٹیم میں فیصل آباد سے تعلق رکھنے والے معظم حیات کو شامل کر لیا گیا۔
ذرائع کے مطابق آصف گوندل ، آصف غفور ، زبیر ملک کی سلیکشن پر بھی تحفظات سامنے آرہے ہیں، لاہور کی ٹیموں کی سلیکشن کے معاملے پر اہم کرکٹ آرگنائزرز نے بورڈ سے رابطے کر کے سلیکشن میں سامنے آنے والی من مانیوں کی نشاندہی کردی۔
ذرائع کے مطابق آرگنائزرز نے لاہور کی سلیکشن کے لیے دہرا معیار اپنانے کی نشاندہی کرتے ہوئے موقف اختیار کیا ہے کہ ٹرائل میچ کروانا ضروری تھا تو تمام کھلاڑیوں کو طلب کیا جاتا۔ ٹرائل میچ میں صرف 75 کھلاڑیوں کو طلب کیا جانا ٹرائلز کے پورے عمل کو مشکوک بناتاہے۔