گلبرگ ( زین مدنی ) معروف میزبان و کامیڈین شفاعت علی بھی عالمی وبا کورونا وائرس کو شکست دینے میں کامیاب ہوگئے ہیں۔
شفاعت علی نے اپنے دوستوں اور مداحوں کو اپنی صحت سے متعلق آگاہ کرتے ہوئے مائیکرو بلاگنگ سائٹ ٹویٹر پر ٹوئٹ کرتے ہوئے لکھا کہ الحمد اللہ میں نے کورونا وائرس کو شکست دے دی ہے اور میں ان تمام لوگوں کا شکریہ ادا کرنا چاہتا ہوں جو اس مشکل گھڑی میں میرے ساتھ کھڑے رہے اور مجھے مدد کی پیش کش کرتے رہے۔
انہوں نے اپنے مداحوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے لکھا کہ میری صحت یابی کے لیے آپ سب کے دعائیہ پیغامات کا شکریہ ادا کرتا ہوں اور اس کے لیے میں ہمیشہ آپ کا مقروض رہوں گا۔
شفاعت علی نے زندگی کی اہمیت بتاتے ہوئے معنی خیز پیغام لکھا کہ زندگی بہت مختصر ہے اور ہر نیا دن ہمارے لیے اللہ کی طرف سے ایک بونس ہے اس کے لیے اپنے رب کا شکریہ ادا کریں اور اپنے خوابوں کو پورا کریں۔
واضح رہے کورونا وائرس نے متعدد شوبز شخصیات کو بھی اپنی لپیٹ میں لے لیا تھا۔ پاکستان شوبز انڈسٹری کی معروف اداکارہ روبینہ اشرف نےکورونا کے خلاف جنگ جیت لی، صحت یابی پر انہوں نے اپنے مداحوں کا شکریہ ادا کیا تھا۔
شوبز ستاروں میں علیزے شاہ، ندا یاسر، یاسر نواز، ابرار الحق، صغیر الہٰی کھچی، روبینہ اشرف اور دیگر فنکار کورونا وائرس کا شکار ہوئے ہیں۔
دوسری جانب کورونا کیسز کی تعداد میں بتدریج اضافہ جاری ہے۔ چوبیس گھنٹوں کے دوران شہر میں کورونا سے مزید 11 اموات کے بعد کورونا وائرس سے جاں بحق ہونے والوں کی تعداد 656 ہوگئی ہے۔ 493 نئے کیسز رپورٹ ہونے سے مصدقہ مریضوں کی مجموعی تعداد 37575 تک پہنچ گئی ہے۔
شہر کے سرکاری اور پرائیویٹ ہسپتالوں میں کورونا کے 530 مریض آئسولیشن وارڈز میں زیر علاج ہیں ، 197 مریض آئی سی یو اور 102 وینٹی لیٹر پر ہیں ۔ پنجاب بھر میں چوبیس گھنٹوں کے دوران کورونا کے 1143 نئے کیسز رپورٹ ہونے سے کیسز کی مجموعی تعداد 72,880 ہو گئی ہے ۔