(زاہد چوہدری) کورونا مریضوں کی تعداد میں اضافہ، 24 گھنٹوں کےدوران شہر میں کورونا سے 11 اموات ہوگئیں اور 493 نئے مریضوں کی تصدیق ہوگئی، پنجاب میں مجموعی طور پر پازیٹو کیسز 73 ہزار کے قریب ہو گئے، اب تک 21 ہزار 340مریض صحت یاب ہو چکے ہیں۔
کورونا کیسز کی تعداد میں بتدریج اضافہ جاری ہے۔ چوبیس گھنٹوں کے دوران شہر میں کورونا سے مزید 11 اموات کے بعد کورونا وائرس سے جاں بحق ہونے والوں کی تعداد 656 ہوگئی ہے۔ 493 نئے کیسز رپورٹ ہونے سے مصدقہ مریضوں کی مجموعی تعداد 37575 تک پہنچ گئی ہے۔ شہر کے سرکاری اور پرائیویٹ ہسپتالوں میں کورونا کے 530 مریض آئسولیشن وارڈز میں زیر علاج ہیں ، 197 مریض آئی سی یو اور 102 وینٹی لیٹر پر ہیں ۔ پنجاب بھر میں چوبیس گھنٹوں کے دوران کورونا کے 1143 نئے کیسز رپورٹ ہونے سے کیسز کی مجموعی تعداد 72,880 ہو گئی ہے ۔صوبے میں چوبیس گھنٹوں میں 27 اموات کے ساتھ مرنے والوں کی مجموعی تعداد 1656 تک جا پہنچی ہے۔ترجمان پرائمری ہیلتھ کے مطابق کورونا کی تشخیص کیلئےصوبے بھر میں اب تک 470,507افراد کے کوروناٹیسٹ کیے جا چکے ہیں جبکہ 21,340 مریض کوروناوائرس کو شکست دینے میں کامیاب ہوئے ہیں۔
واضح رہے ملک بھر سے کورونا کے مزید 3078 کیسز اور 73 ہلاکتیں رپورٹ ہوئیں، مجموعی کیسز 2 لاکھ کے قریب پہنچ گئے، ملک میں کورونا سے مزید 73 افراد انتقال کر گئے جس کے بعد اموات کی مجموعی تعداد 4004 ہوگئی جب کہ نئے کیسز سامنے آنے کے بعد مریضوں کی تعداد 197724 تک پہنچ گئی ہے۔اب تک پنجاب میں کورونا سے 1629 اور سندھ میں 1205 افراد انتقال کرچکے ہیں جب کہ خیبر پختونخوا میں 890 افراد جاں بحق ہو چکے ہیں۔اس کے علاوہ بلوچستان میں 113 ، اسلام آباد میں 119 ، گلگت بلتستان میں 23 اور آزاد کشمیر میں مہلک وائرس سے 25 افراد جاں بحق ہو چکے ہیں۔